فیفا ورلڈ کپ 2026 کی قرعہ اندازی 5 دسمبر 2025 کو امریکی شہر لاس ویگاس میں منعقد ہوگی۔ رپورٹس کے مطابق نیواڈا میں واقع یہ شہر کینیڈا اور میکسیکو کے شریک میزبان شہروں پر فوقیت حاصل کرکے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ورلڈ کپ 3 ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں بیک وقت کھیلا جائے گا، جبکہ ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کر دی گئی ہے۔ قرعہ اندازی میں 12 گروپس تشکیل دیے جائیں گے، جن میں چار چار ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ایونٹ کا فائنل 19 جولائی 2026 کو میٹ لائف اسٹیڈیم، نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: جاپان نے سب سے پہلے کوالیفائی کرلیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویگاس خود میگا ایونٹ کے میزبان شہروں میں شامل نہیں، لیکن فیفا نے اس تقریب کے لیے اسے باقی شہروں پر ترجیح دی۔ 1994 میں بھی، جب امریکا میں آخری بار ورلڈ کپ ہوا تھا، ویگاس نے قرعہ اندازی کی میزبانی کی تھی اور اب تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے، مگر مزید وسعت اور جدیدیت کے ساتھ۔