ٹویوٹا انڈس موٹرز نے کرولا کراس ویریئنٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
ٹویوٹا انڈس موٹرز نے اپنی مشہور گاڑی کرولا کراس کی تمام ویریئنٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے،جو یکم اگست 2025 سے مؤثر ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تیار کردہ گاڑیوں کی ایک اور کھیپ جاپان ایکسپورٹ
یہ فیصلہ محدود مدت اور محدود اسٹاک کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو پرکشش رعایت فراہم کرنا ہے۔ کمپنی کی جانب سے نئی قیمتیں جاری کردی گئی ہیں، جن کے مطابق مختلف ویریئنٹس میں 5 لاکھ 14 ہزار سے لے کر 6 لاکھ 14 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔
جاری کردہ نئی ایکس-فیکٹری قیمتوں کے مطابق، کرولا کراس 1.8 HEV X کی قیمت میں 5 لاکھ 14 ہزار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 89 لاکھ 35 ہزار ہو گئی ہے، جبکہ پرانی قیمت 94 لاکھ 49 ہزار تھی۔ 1.8 HEV ویریئنٹ کی قیمت 89 لاکھ 99 ہزار سے کم ہو کر 85 لاکھ 35 ہزار کر دی گئی ہے، یعنی 4 لاکھ 64 ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا پاکستان کا مختصر وقت کے لیے گاڑیوں کی پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ، وجہ کیا بنی؟
اسی طرح، 1.8 X ویریئنٹ کی قیمت میں 5 لاکھ 64 ہزار روپے کمی ہوئی ہے، جو اب 84 لاکھ 99 ہزار سے کم ہو کر 79 لاکھ 35 ہزار ہو گئی ہے۔ سب سے زیادہ کمی کرولا کراس 1.8 ویریئنٹ میں کی گئی ہے، جہاں 6 لاکھ 14 ہزار روپے کی کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 72 لاکھ 35 ہزار مقرر کی گئی ہے، جبکہ پرانی قیمت 78 لاکھ 49 ہزار تھی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پروموشن ایک محدود وقت اور محدود اسٹاک تک دستیاب ہو گی، اس لیے صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد اس پیشکش سے فائدہ اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا کی پہلی ہائبرڈ ایس یو وی کی بکنگ شروع، آپ بھی ٹیسٹ ڈرائیو کرکے دیکھیں
ٹویوٹا کرولا کراس پاکستان میں ایک مقبول اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکل ہے جو اپنے جدید فیچرز، ہائبرڈ انجن اور آرام دہ ڈرائیونگ کے باعث خریداروں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔