ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ چیمپئنز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا چیمپئنز کو 1 رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اب ان کا مقابلہ پاکستان چیمپئنز سے ہوگا۔
ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 186 رنز بنائے، جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز ہی بنا سکی۔
آخری اوور کا ڈرامائی موڑ
آسٹریلیا کو آخری اوور میں جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے۔ وین پارنیل نے پہلے گیند پر چھکا کھانے کے باوجود اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے باقی گیندوں پر سخت گیند بازی کی اور ٹیم کو فتح دلا دی۔
یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کی شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا کے مبینہ جھگڑے کی افواہوں کی سختی سے تردید
ڈین کرسچن نے 29 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ کرس لین نے 35 اور ڈارسی شارٹ نے 33 رنز بنائے، لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
وکٹیں بانٹ کر جیتی بازی
جنوبی افریقہ کی جانب سے پارنیل اور ہارڈس ویلیون نے دو، جب کہ عمران طاہر اور ڈیوائن اولیور نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار بلے بازی: اسموٹس اور وین ویک نمایاں
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن اے بی ڈی ویلیئرز صرف 6 رنز بنا کر جلد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد جے جے اسموٹس (57) اور مورنے وین ویک (76) نے 111 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے دی
مورنے وین ویک نے 35 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ نے اگلے 25 گیندوں میں 4 وکٹیں گنوائیں اور صرف 28 رنز کا اضافہ کر سکی۔
آسٹریلوی باؤلنگ: پیٹر سڈل چھا گئے
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے 4 وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے، جب کہ ڈارسی شارٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بریٹ لی اور ڈین کرسچن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
فائنل کب اور کہاں؟
جنوبی افریقہ اب ہفتہ کو اسی مقام (ایجبسٹن) پر فائنل میں پاکستان چیمپئنز کا سامنا کرے گا۔ دونوں ٹیمیں اب تک ٹورنامنٹ میں بہترین فارم میں رہی ہیں، اور ایک سنسنی خیز فائنل متوقع ہے۔