گوگل کا نیا سنگ میل، ’جیمنی 2.5 ڈیپ تھنک‘ ماڈل متعارف، خصوصیات کیا ہیں؟

جمعہ 1 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوگل ڈیپ مائنڈ نے مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے اپنا جدید ترین ماڈل ’جیمنی 2.5 ڈیپ تھنک‘ متعارف کرا دیا ہے، جو کمپنی کی جانب سے پہلا ’ملٹی ایجنٹ‘ ماڈل قرار دیا جارہا ہے۔

یہ ماڈل سب سے پہلے گوگل آئی او 2025 میں منظرِ عام پر آیا اور اب گوگل کے 250 ڈالر ماہانہ کے ’الٹرا سبسکرپشن‘ صارفین کے لیے جیمنی ایپ پر دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویڈیوز میں ڈھلتی تصویریں، گوگل نے پاکستان میں جدید اے آئی ٹولز ویو 3 اور فلو متعارف کرادیا

’جیمنی 2.5 ڈیپ تھنک‘ روایتی اے آئی ماڈلز سے مختلف طریقے سے کام کرتا ہے۔ اس ماڈل میں کسی بھی سوال کے جواب کے لیے ایک سے زیادہ اے آئی ایجنٹس بیک وقت کام کرتے ہیں، جو مختلف زاویوں سے سوچنے اور مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں۔

یہ ماڈل دیگر ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ کمپیوٹیشنل وسائل استعمال کرتا ہے، مگر نتائج کہیں زیادہ درست اور مؤثر فراہم کرتا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اس ماڈل کے ایک متبادل ورژن کی مدد سے گوگل نے حال ہی میں انٹرنیشنل میتھ اولمپياد میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ تاہم گوگل کا کہنا ہے کہ وہ ورژن چند منتخب ماہرین کو دیا جائے گا کیونکہ اسے کسی مسئلے پر غور و فکر کے لیے گھنٹوں درکار ہوتے ہیں، جبکہ دیگر ماڈلز چند منٹوں میں جواب دے دیتے ہیں۔

گوگل کا دعویٰ ہے کہ ’جیمنی 2.5 ڈیپ تھنک‘ نے کارکردگی کے اعتبار سے نہ صرف اوپن اے آئی اور گرُوک اے آئی جیسے ماڈلز کو پیچھے چھوڑا بلکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے کے کئی بڑے کھلاڑیوں سے بہتر نتائج حاصل کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پیچیدہ سوالات کے جوابات کے لیے گوگل کا نیا فیچر ’اے آئی موڈ‘ سرچز متعارف

یاد رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی (گروک 4 ہیوی) اور انتھروپک سمیت دیگر ادارے بھی ملٹی ایجنٹ ماڈلز پر تجربات کررہے ہیں، تاہم زیادہ لاگت اور مہنگے سبسکرپشن ماڈلز اس ٹیکنالوجی کی عوامی سطح پر رسائی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

گوگل نے عندیہ دیا ہے کہ وہ جلد ہی ’جیمنی 2.5 ڈیپ تھنک‘ کو جیمنی اے پی آئی کے ذریعے منتخب ڈویلپرز اور کاروباری اداروں کے لیے بھی فراہم کرے گا تاکہ وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp