صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کو صوبے میں قیام امن اور استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے اور ان شعبوں میں کئی منصوبے مؤثر انداز میں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سیکیورٹی خدشات، بلوچستان بھر میں 15 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی خدمت کو اپنی پالیسی کا مرکز بنا چکی ہے اور ہر منصوبہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، قومی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں امن، خوشحالی اور ترقی کے عمل کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔