بھارتی ایئرلائن میں تشدد کا شکار مسلمان مسافر پُراسرار طور پر لاپتا ہوگیا

ہفتہ 2 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی فضائی سروس انڈیگو ایئرلائن کی ایک پرواز میں دوسرے مسافر کی جانب سے تھپڑ کھانے والا شخص پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا۔

 متاثرہ شخص کی شناخت 32 سالہ حسین احمد مجمدار کے طور پر ہوئی ہے، جو آسام کے ضلع کاچار سے تعلق رکھتا ہے۔ وہ ممبئی سے کلکتہ کے راستے فلائٹ 6E-2387 کے ذریعے سلچر جا رہا تھا۔

دورانِ پرواز حسین کو شدید پینک اٹیک (گھبراہٹ کا دورہ) پڑا، جس کے بعد 2 کیبن کریو ممبرز نے اسے طیارے سے اتارنے میں مدد دینا شروع کی۔ اسی دوران ایک مسافر نے، جو کہ کنارے والی سیٹ پر بیٹھا تھا، اسے تھپڑ رسید کر دیا۔

واقعے کی ویڈیو دوسرے مسافر نے بنائی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کریو ممبران نے حملہ آور کو پرتشدد ہونے سے روکا، جبکہ دیگر مسافر بھی اس حرکت پر احتجاج کرتے نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز مشکلات کا شکار

انڈیگو حکام کے مطابق مذکورہ حملہ آور کو کلکتہ ایئرپورٹ پر CISF کے حوالے کر دیا گیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

تاہم حسین مجمدار، جو ممبئی میں ہوٹل ورکر ہے، سلچر ایئرپورٹ نہیں پہنچا۔

اہلِ خانہ کے مطابق نہ تو ان سے حسین کا کوئی رابطہ ہوا ہے اور نہ ہی اس کا موبائل فون آن ہے۔

ابتدا میں خاندان کے افراد سلچر ایئرپورٹ پر اس کے استقبال کے لیے پہنچے، مگر جب وہ نہ آیا تو وائرل ویڈیو میں اس کی شناخت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائنز کو یومیہ کروڑوں کا نقصان

اب تک نہ ایئرلائن اور نہ ہی ایئرپورٹ حکام اس کی موجودہ صورتحال سے متعلق معلومات فراہم کر سکے ہیں۔

 CISF کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے اور اودھربند پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔

انڈیگو کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ’غیر مہذب مسافر‘ کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی گئی ہے، مگر متاثرہ شخص کے بارے میں ایئرلائن نے کسی قسم کی وضاحت نہیں دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp