راولپنڈی پولیس نے نوکری کا جھانسہ دے کر شہریوں کے گردے نکالنے اور انہیں فروخت کرنے والے 4 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا ہے۔
تھانہ ایئرپورٹ پولیس کے مطابق کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی گئی کہ ایک گھر سے چیخ و پکار کی آوازیں آرہی ہیں۔ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر چھاپہ مارا اور ایک شخص کو اسٹریچر سے بندھا ہوا پایا، جسے فوری طور پر بازیاب کروایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب گردہ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران سنسنی خیز انکشافات
متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ اسے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا تھا، جہاں اسے نشہ آور مشروب پلا کر نیم بیہوشی کی حالت میں مختلف میڈیکل ٹیسٹ کروائے گئے جس کا مقصد اس کے جسم سے گردہ نکال کر فروخت کرنا تھا۔
تھانہ ائیرپورٹ پولیس کی 15 کال پر فوری کارروائی, انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ بے نقاب, انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کے 4 افراد گرفتار, پیوند کاری میں استعمال ہونے والے آلات برآمد, ملزمان کا پاکستانی و غیر ملکی شہریوں کے لئے گردے فروخت pic.twitter.com/X3dtWToNdi
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) August 2, 2025
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان عاکف، نسیم، راکیش اور ساون کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان کے قبضے سے گردہ نکالنے میں استعمال ہونے والے طبی آلات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پاکستانی اور غیر ملکی افراد کو انسانی اعضا، بالخصوص گردے، غیر قانونی طور پر فروخت کرتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گروہ کا دائرہ کار وسیع تھا اور وہ معصوم شہریوں کو دھوکے سے نشانہ بناتا تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں اور سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے۔













