پنجاب میں کل تمام اسکولز بند رہیں گے، خیبر پختونخوا میں 13 مئی تک چھٹیاں

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ تعلیم اسکولز پنجاب نے بدھ کے روز صوبے میں سرکاری اور پرائیویٹ اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان محکمہ اسکولز پنجاب نے ملکی صورت حال کے پیش نظر اسکولز بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور بدھ کے روز ہونے والے پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں بدھ کے روز ہونے والا نویں کلاس کا پرچہ منسوخ کر دیا گیا ہے جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے 13 مئی تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور اس دوران ہونے والے تمام پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

برٹش کونسل نے بھی امتحانات منسوخ کر دیے

برٹش کونسل نے بھی پاکستان بھر میں بدھ کے روز ہونے والے تمام کیمبرج انٹرنیشنل، پیئرسن، یونیورسٹی آف لندن اور آئٹس امتحانات ملتوی کر دیے۔

 فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے بورڈ کا اندرون اور بیرون ملک 10 مئی کو ہونے والا مطالعہ پاکستان کا پرچہ بھی منسوخ کردیا۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک عمران خان کی نیب کیس میں گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا ہے جس کے بعد ملک میں افرا تفری کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

بدھ کے روز عمران خان کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس موقع پر ایک بار پھر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے باعث راستے بند ہو سکتے ہیں جس کے باعث محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے کے ذمہ دار کاشف ادیب جاودانی نے کہا تھا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔ بدھ کے روز ملک بھر میں پرائیویٹ اسکولز کھلے رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp