برٹش کولمبیا کے انٹیریئر علاقے میں لگنے والی آگ اور بجلی کے تعطل کی ایک انوکھی وجہ ایک عقاب (اوسپری) اور آسمان سے گرتی مچھلی کے طور پر سامنے آئی ہے۔
مقامی فائر ریسکیو کے چیف جوش وائٹ کے مطابق بدھ کے روز فائر بریگیڈ کو اشکروف کے جنوب میں ایک آگ کی اطلاع ملی جو کہ شہر سے تقریباً 67 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ مقامی کسانوں اور بی سی ہائیڈرو کے ملازمین کی مدد سے آگ جلد ہی بجھا دی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل میں بجلی کے نظام میں خلل، دھماکے اور آتشزدگیوں کے مشتبہ واقعات
جب آگ کی وجہ جاننے کی کوشش کی گئی تو صورتحال حیران کن تھی۔
چیف کے مطابق ہم جائے وقوعہ پر پہنچے تو بجلی کے کھمبے کے نیچے ایک جلی ہوئی مچھلی پڑی ہوئی ملی۔ ہم حیران رہ گئے کہ یہ یہاں کیسے پہنچی؟
تحقیقات سے پتا چلا کہ ایک اوسپری (ماہی خور عقاب) مچھلی لے کر فضا میں محو پرواز تھا کہ مچھلی اس کے پنجوں سے پھسل کر نیچے گری اور بجلی کی تاروں سے ٹکرائی۔ اس سے چنگاریاں نکلیں جو قریبی خشک گھاس میں گرنے سے آگ بھڑک اٹھی۔
یہ بھی پڑھیے: عراق: ہائپر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی، 60 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ
دلچسپ بات یہ ہے کہ آگ کی جگہ قریبی دریا سے تقریباً 3 کلومیٹر دور تھی۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق غالباً گرم موسم اور مچھلی کے وزن کی وجہ سے تھکے ہوئے پرندے نے اپنی پکڑ چھوڑی۔
فائر ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی کہ واقعے میں ‘مرکزی مشتبہ کردار’ (عقاب) کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
آگ کے نتیجے میں کچھ وقت کے لیے علاقے کی بجلی بھی معطل رہی۔ آگ بجھانے کے لیے تقریباً 4,800 گیلن پانی استعمال کیا گیا۔