5 اگست کو پُرامن احتجاج کریں گے، اسلام آباد آنے کا کوئی پروگرام نہیں، اسد قیصر

اتوار 3 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف 5 اگست کو پورے ملک میں پُرامن احتجاج کرے گی، تاہم اسلام آباد آنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ یہ احتجاج آئین کی بالادستی، عدلیہ اور پارلیمنٹ کی آزادی اور انتقامی کارروائیوں کے خلاف ہوگا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اسد قیصر نے واضح کیاکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیں گے، اور وہ ملک میں اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی 5 اگست احتجاج: ‘اسلام آباد نہیں جائیں گے، صوابی انٹرچینج موٹروے پر احتجاج ہوگا’

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عملاً عوام میں ختم ہو چکی ہے اور دھڑے بندی صرف ایک جماعت میں نہیں بلکہ ہر پارٹی میں ہوتی ہے۔

اسد قیصر نے تصدیق کی کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان آ رہے ہیں اور وہ اپنے والد سے ملاقات کریں گے۔ بیٹوں سے ملاقات کے بعد عمران خان جو فیصلہ کریں گے اس پر عمل ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مشعال یوسف زئی کو پارٹی ٹکٹ عمران خان کی منظوری سے دیا گیا ہے۔ جن لوگوں کے پاس اختیار اور طاقت ہے انہی سے بات چیت ہو سکتی ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ ہو۔ ماضی میں رانا ثنااللہ کے خلاف بنائے گئے مقدمات پر خود عمران خان نے کابینہ میں ناراضی کا اظہار کیا تھا کیوں کہ یہ کیس غلط بنیادوں پر بنایا گیا تھا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نہ تو ڈرون حملے ہوئے، نہ ہی ملک میں امن و امان کا مسئلہ درپیش تھا، بلکہ افغانستان کے ساتھ تجارتی کوریڈورز کھولے گئے اور معاشی تعلقات بہتر کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کی آزادی اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا، اور یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں تمام ادارے آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کریں۔

سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف قائم تمام مقدمات میں انہیں قانونی طور پر ضمانت ملنی چاہیے۔ ہم فوج کو ایک مضبوط ادارہ دیکھنا چاہتے ہیں، اور کبھی نہیں چاہتے کہ یہ ادارہ کمزور ہو۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست سے پورے ملک میں احتجاجی پروگرام ہوں گے، لیکن ان کا مقصد صرف آئینی جدوجہد ہے، کسی قسم کی کشیدگی یا محاذ آرائی ہمارا مقصد نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: کیا عمران خان کی رہائی کے امکانات بڑھ گئے؟

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کی گرفتاری کا اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کو علم نہیں تھا، جب گرفتاری ہوئی تو میں نے خود وزیراعظم کو فون پر مطلع کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp