ملک کے مختلف حصوں میں آج سے 7 اگست تک موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
دوسری جانب کراچی میں بھی کہیں ہلکی بارش تو کہیں بوندا باندی دیکھنے میں آئی، جب کہ آئندہ چند روز میں سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 6 اگست کو بلوچستان میں بھی تیز بارشیں متوقع ہیں، جس سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دریں اثنا، راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ اضافی پانی کو محفوظ طریقے سے خارج کیا جا سکے۔ ادھر دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔