پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے دی۔
لاڈرہل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ نوجوان اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ فرحان نے 53 گیندوں پر 74 رنز (3 چوکے، 5 چھکے) اور صائم ایوب نے 49 گیندوں پر 66 رنز (4 چوکے، 2 چھکے) اسکور کیے۔
مزید پڑھیں: سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر
آخری اوورز میں حسن نواز (7 گیندوں پر 15 رنز)، خوشدل شاہ (6 گیندوں پر 11 ناٹ آؤٹ) اور فہیم اشرف (3 گیندوں پر 10 ناٹ آؤٹ) نے تیز رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمر جوزف، جیسن ہولڈر اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 176 رنز ہی بنا سکی۔ الک اتھنازے نے سب سے نمایاں بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 60 رنز بنائے، جبکہ شرفین ردرفورڈ نے 35 گیندوں پر 51 رنز جوڑے۔
پاکستانی باؤلرز نے بہتر لائن اور لینتھ کے ساتھ باؤلنگ کی۔ صوفیان مقیم سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کے علاوہ حارث رؤف، حسن علی، محمد نواز اور صائم ایوب نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے سہ فریقی ٹی20 سیریز کا شیڈول جاری کر دیا
وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز جیتنے پر مبارکباد
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں فتح حاصل کرنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، ٹیم منیجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
وزیر اعظم نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ قومی ٹیم آئندہ میچز کے لیے مزید محنت اور یکسوئی کے ساتھ تیاری کرے گی اور کامیابیوں کا یہ تسلسل برقرار رکھے گی۔