پاکستانی آٹو مارکیٹ میں جلد ہی ایک نئی اورممکنہ طور پر گیم چینجر الیکٹرک اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل کی آمد متوقع ہے، جس کی رینج 1100 کلومیٹرسے زائد ہوگی۔
کیپٹل اسمارٹ موٹرز کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی فورتھنگ فرائیڈے نامی یہ رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکل مجموعی طور پر1150 کلومیٹر کی متاثر کن رینج کی حامل ہے، تاہم اس میں ایک معمولی فرق موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی مارکیٹ میں سستی ترین الیکٹرک گاڑی کی اینٹری، قیمت کیا ہے؟
یہ گاڑی تقریباً 600 کلومیٹرکی مکمل الیکٹرک رینج فراہم کرتی ہے، جب کہ باقی ماندہ 550 کلومیٹر ایک رینج ایکسٹینڈر سسٹم کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں، جس سے اس کی کل دعوٰی کردہ رینج 1150 کلومیٹرتک جا پہنچتی ہے۔
رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکل دراصل ایک ایسی الیکٹرک گاڑی ہوتی ہے جو بنیادی طور پر بیٹری میں محفوظ بجلی سے چلتی ہے، مگر اس میں ایک چھوٹا اندرونی انجن بھی شامل ہوتا ہے، جو بیٹری کم ہونے کی صورت میں اسے چارج کرنے کے لیے جنریٹرکے طورپرکام کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:چینی ساختہ الیکٹرک گاڑی ’ڈونگ فینگ بکس‘ پاکستان میں لانچ، قیمت کیا ہے؟
یہ نظام گاڑی کو روایتی الیکٹرک گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے اور مکمل طور پر بیرونی چارجنگ پر انحصار کی ضرورت کم ہوجاتی ہے۔
فورتھنگ ایک چینی کمپنی ڈونگ فینگ لیزو موٹر کی تیار کردہ مسافر گاڑیوں کا برانڈ ہے، جو کہ ڈونگ فینگ موٹر گروپ کی ذیلی کمپنی ہے۔
اس اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل کی پاکستان میں رواں ماہ کے وسط میں باضابطہ لانچ کی توقع ہے اور آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کی امید ہے۔