پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ اسمبلی میں پی پی پی کے چیف وہپ اور صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس مکیش کمار چاولہ نے ملاقات کی، جس میں پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی کی حاضری اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
مکیش کمار چاولہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کی حالیہ کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ محکمے نے 7 ارب روپے مالیت کی ریکارڈ منشیات ضبط کی ہے، بلاول بھٹو نے محکمے کی اس کارکردگی کو سراہا۔
ملاقات میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت گاڑیوں کے لیے سیکیورٹی فیچرز سے لیس نمبر پلیٹس کے اجرا سے متعلق پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مکیش چاولہ نے چیئرمین کو بتایا کہ اس مہم کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ سیکیورٹی کی مجموعی صورت حال میں بہتری آئے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی فیچر والی نمبر پلیٹس کی تنصیب کی ڈیڈ لائن میں توسیع کی ہدایت دی۔
ان کی ہدایت پر صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے اعلان کیا کہ اب گاڑیوں پر ان نمبر پلیٹس کی تنصیب کی آخری تاریخ 14 اگست سے بڑھا کر 31 اکتوبر کردی گئی ہے۔