فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر ہی اب کشمیریوں کی آخری امید ہیں، مشعال ملک

منگل 5 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنید خواجہ

تحریک حریت کشمیر کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر ہی اب کشمیریوں کی آخری امید ہیں۔ تاریخ اس بات کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، تب تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

وی نیوز  سے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ خطہ، جس میں اربوں لوگ آباد ہیں، ہمیشہ ایک ایسی تناؤ کی صورتحال میں رہے گا جو کسی بھی وقت ایک بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ کشمیر کا مسئلہ درحقیقت جنوبی ایشیا کی امن و امان کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اب نوٹس لینا چاہیے کہ اس کی اپنی ہی منظور شدہ قراردادوں پر عمل نہیں ہوا۔ یہ سب سے بہترین وقت ہے کہ اقوام متحدہ اس پر عملی قدم اٹھائے اور کشمیر کے مسئلے کو ایک منصفانہ حل کی طرف لے کر آئے۔ یہ عالمی ادارے کی اپنی ساکھ اور وقار کا سوال ہے۔

مشعال ملک کا ماننا ہے کہ حالیہ ’معرکہ حق‘ میں جو فتح ہمیں ملی ہے، یہ کشمیری عوام کے لیے ایک بہت بڑی امید ہے۔ یہ فتح صرف ایک عارضی کامیابی نہیں بلکہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حق اور سچ کی جیت یقینی ہے۔ اس فتح نے کشمیریوں کے اندر ایک نئی روح پھونکی ہے اور ان کو یہ احساس دلایا ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جا رہی ہیں۔ یہ امید ان کے عزم کو مزید مضبوط کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر ایک ایسے سپاہی ہیں جو ذاتی طور پر کشمیریوں کے ساتھ بہت مخلص ہیں۔ وہ ان کے دکھ اور تکلیف کو گہرائی سے سمجھتے ہیں۔ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ان کو بہت تکلیف ہے۔

ان کا یہ بیان کہ ’کشمیر پر 10 جنگیں بھی لڑیں گے‘ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ یہ ایک بہت مضبوط اور غیر متزلزل بیان ہے جو نہ صرف پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے بلکہ کشمیری عوام کو یہ یقین دلاتا ہے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہر حال میں کھڑا ہے۔

’یہ بیان اس حقیقت کو بھی واضح کرتا ہے کہ پاکستان کے لیے کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ اس کی نظریاتی اور قومی سلامتی کا ایک لازمی حصہ ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp