وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی علامت ہے۔ نریندر مودی کی حکومت کا یکطرفہ اقدام نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ تمام عالمی اصولوں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیے یومِ استحصالِ کشمیر، کنٹرول لائن کے دونوں طرف کشمیری قوم آج یوم سیاہ منا رہی ہے
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور آج بلوچستان کے کونے کونے میں کشمیری عوام سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کبھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور بھارتی مظالم کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیے دفعہ 370کو یکطرفہ طور پر منسوخ کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، حریت رہنما
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام کو آزادی کا سورج نصیب ہوگا اور ظلم کی رات اپنے انجام کو پہنچے گی۔