پی ٹی آئی کا احتجاج: علی امین گنڈاپور ریلی سے خطاب کیے بغیر واپس روانہ، کارکنوں کا اڈیالہ جانے پر اصرار

منگل 5 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، راولپنڈی اور اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان نے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔ اس کے علاوہ لاہور، کراچی، کوئٹہ، مظفرآباد سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

پی ٹی آئی کا سب سے بڑا پروگرام صوابی میں میں ہوا جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور میں ریلی کی قیادت کی۔ وزیراعلیٰ نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرنا تھا تاہم وہ خطاب کیے بغیر ہی ریلی ختم کرکے واپس چلے گئے۔ جس پر کارکنان برہم نظر آئے اور انہوں نے اڈیالہ جانے کے لیے نعرے بازی کی۔

لاہور میں ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران ریحانہ ڈار اور ان کی بہو کو حراست میں لے کر قیدیوں کی وین میں منتقل کیا گیا، جہاں ریحانہ ڈار نے سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں زوردار نعرے بازی کی۔ اسی مظاہرے کے دوران پی ٹی آئی کی وکیل ناز بلوچ کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ادھر چوہدری اصغر گجر، حافظ ذیشان رشید، عثمان حمزہ، چوہدری نعمان مجید اور حسن محمود کی قیادت میں کینال روڈ لاہور پر ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں درجنوں گاڑیوں نے شرکت کی، شرکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے شدید نعرے بازی کی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی آئی کے 5 اگست کے احتجاج پر ردعمل اس کے رویے سے مشروط ہوگا، وزیردفاع

ریلی جب جاتی امرا پائن ایونیو کے قریب پہنچی تو پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ ملک کی پولیس اہلکاروں سے مڈبھیڑ ہوئی، عالیہ حمزہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے ان کی گاڑی کا شیشہ توڑ دیا، جس کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان ماحول کچھ دیر کے لیے کشیدہ ہو گیا۔

تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شوکت بسرا نے گلبرگ کے علاقے میں الگ ریلی نکالی، جس میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینیٹ ٹکٹ ہولڈر مہر عبدالستار کی قیادت میں اوکاڑہ میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مہر عبدالستار نے حال ہی میں 21 جولائی کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

تحریک انصاف نے کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف قانونی محاذ پر بھی سرگرمی دکھائی ہے۔ آئی ایل ایف لاہور کے صدر ملک شجاعت جندران کے مطابق پارٹی کی جانب سے 3 لیگل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو ماڈل ٹاؤن کچہری، ضلعی کچہری اور کینٹ کچہری میں موجود رہ کر گرفتار افراد کی ضمانت کے لیے قانونی معاونت فراہم کررہی ہیں۔

جڑواں شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ایک ہفتے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی تھی، جس کے تحت کسی قسم کے اجتماع یا لوگوں کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد تھی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کا حصہ بننے والوں کی فوری گرفتاری اور دفعہ 144 کیخلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق 10 اگست تک رہے گا، اس دوران کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس یا ریلی کے انعقاد اور 4 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی۔

پی ٹی آئی اسلام آباد کا آج کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد نے عمران خان کی رہائی کے لیے آج کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ریجنل صدر پی ٹی آئی عامر مغل نے کارکنوں کے نام ایک پیغام میں کہاکہ مظاہرہ ختم ہوگیا ہے، جو کارکنان اس میں شریک ہؤے ان کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ راستے میں ہیں وہ برائے کرم واپس چلے جائیں، جو شرکت نہیں کر سکے وہ آئندہ کے لیے کوشش کریں۔

’اصل احتساب تو 8 فروری کو ہوا تھا‘

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایوں مہمند اور بانی پی ٹی آئی کے ترجمان اور وکیل نیازاللہ خان نیازی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئے، ہمایوں مہمند کو داہگل ناکہ پر پولیس نے روک دیا جس پر انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔

تاہم پولیس کی جانب سے جواب دیا گیا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اس کے تحت آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ترجمان نیازاللہ خان نیازی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ کے باہر پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں 2 سال کی قید مکمل ہوچکی ہے اور پارٹی قیادت کی جانب سے اس موقع پر احتجاج کی کال دی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں بنی گالہ سے کئی مقامات سے گزرتے ہوئے اڈیالہ جیل پہنچے ہیں، جہاں جگہ جگہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پی ٹی آئی کے 5 اگست کے احتجاج پر ردعمل اس کے رویے سے مشروط ہوگا، وزیردفاع

نیازاللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے طور پرمنایا جاتا ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سفیرِ کشمیر کہا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں لوگ ان کی کال پر احتجاج کر رہے ہیں۔

’اصل احتساب تو 8 فروری کو ہوا تھا، جسے پوری قوم نے دیکھا، میرا نام ان 6  وکلا میں شامل ہے، جنہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت حاصل ہے۔‘

نیازاللہ نیازی نے کہا کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ملاقات کے لیے یہاں پہنچے ہیں، تاہم گزشتہ 4 ماہ سے ان کی بانی پی ٹی آئی سے کوئی ملاقات نہیں ہو سکی ہے۔

علیمہ خان کو چکری انٹرچینج پر روک لیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دن علیمہ خان اور ان کے ہمراہ دیگر افراد کی گاڑی چکری انٹرچینج پر موٹر وے سے اترتے ہی پولیس نے روک لی، علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آئی ہیں اور آج کے دن کی اہمیت اسی سلسلے میں ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے آتے ہوئے راستے میں کسی نے نہیں روکا، لیکن یہاں چکری پر ہمیں روک لیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم تو صرف عمران خان کا پیغام باہر پہنچاتے ہیں، نہ کوئی احتجاجی سرگرمی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی خلاف ورزی کا ارادہ ہے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے، تاہم ان کی موجودگی کا مقصد صرف ملاقات ہے۔ ’عام طور پر انہیں گورکھپور پر روکا جاتا ہے، لیکن آج چکری پرروکا گیا ہے، اب پولیس سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا ہمیں یہاں سے پیدل جانا ہوگا۔‘

صوابی میں پی ٹی آئی کا بڑا اجتماع

ادھرصوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان مرکزی احتجاجی جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے، جو صوابی موٹروے انٹرچینج پر منعقد کیا جارہا تھا، پشاور سے احمد خان نیازی کی قیادت میں احتجاجی قافلہ پشاور رنگ روڈ سے صوابی جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوا۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث پشاور موٹروے بند رہی۔

اپر چترال سے ریلی ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی اور پی ٹی آئی اپر چترال کے ضلعی صدر شہزادہ سکندر الملک کی قیادت میں ریلی چرون پل اپر چترال پہنچی، جس میں جنرل سیکریٹری علاءالدین عرفی، ضلعی کابینہ سمیت صوبائی بلدیاتی قیادت اور کارکنان بھی شامل تھے۔

شانگلہ سے ایم پی اے حاجی عبدالمنعیم خان، ضلعی صدر لیاقت یوسفزئی، تحصیل چیئرمین الپوری وقار احمد خان اور تحصیل چیئرمین بشام حاجی سدید الرحمن کی قیادت میں قافلہ چکدرہ کی طرف رواں دواں ہے، اسی طرح وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی و ایم پی اے ملک لیاقت علی خان کی ہدایت پر تحصیل لعل قلعہ کا قافلہ تحصیل چیئرمین اشرف سالار، تحصیل صدر عنایت اتمان اور سالم خان کی قیادت میں میدان سے چکدرہ کی طرف روانہ ہوئے۔

مظفرآباد میں پی ٹی آئی کارکنوں پر پولیس کا لاٹھی چارج، 2 گرفتار

مظفرآباد کے آزادی چوک میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام احتجاجی مارچ کے دوران صورت حال کشیدہ ہوگئی، جب پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک لیا۔

مارچ کی قیادت اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق، اراکین اسمبلی اور دیگر پارٹی رہنما کررہے تھے، جن کے ہمراہ کارکنان حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے۔

پولیس نے آزادی چوک میں مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران پی ٹی آئی کے رہنما راجا فرخ اور راجا انور کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دیگر کارکنوں کو منتشر کر دیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے نہ صرف مرد مظاہرین بلکہ خواتین اور بزرگ شہریوں پر بھی بدترین تشدد کیا اور بدسلوکی روا رکھی۔

احتجاج کے دوران اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق کسی ممکنہ گرفتاری سے محفوظ رہے اور مظاہرے میں موجود رہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے رہنماؤں کی گرفتاری اور مظاہرین پر پولیس کے تشدد کی شدید مذمت کی ہے اور اس رویے کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔

قیادت کا پیغام

ترجمان پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے مطابق یہ ریلیاں پارٹی کے بانی عمران خان سے غیر متزلزل وابستگی کا مظہرہیں، اور عوام کی طرف سے یہ واضح پیغام ہے کہ وہ قائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی نے تمام کارکنان سے پرامن انداز میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

گروک اے آئی پر شدید تنازع، لوگ ناراض کیوں ہیں؟

پی آئی اے کے بعد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کردیں

پی ایس ایل کی 2 نئی فرنچائز کے لیے 10 بولی دہندگان کی فہرست سامنے آگئی

عوام کے لیے خوشخبری: وفاقی حکومت کا گیس کی قیمتوں سے متعلق اہم اعلان

سہیل آفریدی کا دورہ کراچی، پی ٹی آئی نے جلسے کی اجازت طلب کرلی

ویڈیو

خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کو سازگار ماحول میسر ہے، وزیراعلیٰ کا بیانیہ کھل کر سامنے آگیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

مذاکرات صرف میڈیا کی زینت ہیں، کوئی حقیقی پیشرفت نہیں، وزیردفاع خواجہ آصف

ٹی20 سیریز: پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی، شاندار روایتی استقبال

کالم / تجزیہ

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟

ہم نے آج تک دہشتگردی کے خلاف جنگ کیوں نہیں جیتی؟