بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ تمام ریلیوں کی قیادت متعلقہ حلقوں کے اراکینِ اسمبلی اور پارٹی عہدیداران کریں گے۔
مرکزی ریلی پشاور میں نکالی جائے گی، جس کی قیادت خود وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کریں گے۔
پشاور ریلی کا روٹ اور شرکاء
ریلی کا آغاز حیات آباد ٹول پلازہ سے ہوگا، جو پیر زکوڑی پل سے ہوتی ہوئی قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے احتجاجی تحریک: پی ٹی آئی اسلام آباد نے اپنی حکمت عملی کا اعلان کردیا
ریلی میں شرکت کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما بشمول ایم این اے ارباب شیر علی، ایم این اے اقبال آفریدی، ایم پی اے سہیل آفریدی، ایم پی اے عدنان قادری، ایم پی اے عبدالغنی، جنرل سیکریٹری خورشید عالم، صوبائی وزیر قاسم علی شاہ، ایم این اے شاندانہ گلزار، ایم پی اے سمیع اللہ، ایم پی اے شیر علی آفریدی، صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، ضلع پشاور کے صدر عرفان سلیم اور ایم پی اے فضل الہٰی ہزار خوانی کے مقام پر کارکنان کے ہمراہ ریلی میں شریک ہوں گے۔
دیگر اضلاع میں ریلیوں کی قیادت
مالاکنڈ میں ریلی کی قیادت صوبائی صدر پی ٹی آئی جنید اکبر کریں گے، جو چکدرہ ٹول پلازہ سے ریلی کی سربراہی کریں گے۔ مردان میں ریلی کی قیادت عاطف خان کریں گے۔ مردان، صوابی، اور چارسدہ سے نکالی جانے والی ریلیاں امبار انٹرچینج پر اختتام پذیر ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا منصوبہ، انتظامیہ نے اضافی سیکیورٹی مانگ لی
قیادت کا پیغام
ترجمان پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے مطابق یہ ریلیاں پارٹی کے بانی عمران خان سے غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہیں، اور عوام کی طرف سے یہ واضح پیغام ہے کہ وہ قائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی نے تمام کارکنان سے پرامن انداز میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔