عمر سرفراز چیمہ اور علی زیدی سمیت تحریک انصاف کے متعدد رہنماگرفتار، احتجاج جاری

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان و رہنماؤں کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما وسابق گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق عمر سرفراز چیمہ کو ان کےگھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن کی ٹیم نے آج صبح 4:30 بجے عمر چیمہ کو حراست میں لیا۔

عمر سرفرازچیمہ پر اختیارات کے ناجائز استعمال پر اینٹی کرپشن میں تحقیقات جاری ہیں، اینٹی کرپشن حکام نے ان کو تحقیقات کے لیے 3بار نوٹسز بھیجے تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔

پنجاب میں تحریک انصاف کا احتجاج، صوبے میں دفعہ 144 نافذ

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے  جبکہ صوبائی حکومت نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذکر رکھا ہے۔  دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے جلسے جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی ہے۔

لاہور شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے، گذشتہ رات احتجاج والے علاقوں میں انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے۔ لاہور میں ضرورت پڑنے پر رینجرز طلب کی جا سکتی ہے۔

پنجاب پولیس نے آج تحریک انصاف کے سابق ڈویژنل صدرسوشل میڈیا ملتان و میڈیا سیکریٹری ارسلان بٹ اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کے گھر پر چھاپا مارا ہے۔

اٹک میں پولیس سے تصادم کے دوران پی ٹی آئی کے کئی کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

راولپنڈی، تحریک انصاف کے کارکنان کی میٹرو بس اسٹیشن پر توڑ پھوڑ

راولپنڈی میں مری روڑ پر تحریک انصاف کے کارکنان کا پر تشدد احتجاج جاری ہے، پی ٹی آئی کارکنان نے مری روڑ سکستھ روڑ پر میٹرو اسٹیشن پر توڑ پھوڑ کی ہے جس کے باعث میٹرو بس سروس بند کر دی گئی ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنان کا اسلام آباد میں احتجاج

اسلام آباد میں بھی سری نگر ہائی وے پر احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف اسلام آباد کے چار تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنان نے جی نائن سیکٹر میں بھی احتجاج کیا ہے۔

کوئٹہ میں تحریک انصاف کا پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

تحریک انصاف بلوچستان نے کوئٹہ میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔ کوئٹہ میں سابق قومی اسمبلی قاسم سوری کے گھر پر پولیس کے چھاپے کے دوران قاسم سوری کے بھائی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف سندھ کے رہنما علی زیدی گرفتار

کراچی میں بدامنی اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف پولیس ان ایکشن ہے، دوسری جانب گزشتہ رات کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران کراچی پولیس نے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو گرفتار کر لیا۔

آج صوبہ سندھ میں کریک ڈائون کے دوران تحریک انصاف 250 افراد گرفتار کیے گئے ہیں، احتجاج کے دوران بس جلانے والے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں، زیر حراست افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کیا جا رہا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج  ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp