خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی ریلی سے بغیر خطاب کیے روانہ ہو جانے پر کارکنان سخت ناراض ہوگئے اور شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب نوسر باز لوگ ہیں، علی امین کی وجہ سے ہی عمران خان جیل میں ہیں۔
پشاور میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے سلسلے میں ریلی کا آغاز حیات آباد ٹول پلازہ سے ہوا، جس کی قیادت خود وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج: علی امین گنڈاپور ریلی سے خطاب کیے بغیر واپس روانہ، کارکنوں کا اڈیالہ جانے پر اصرار
ریلی کے شرکا کا قافلہ قلعہ بالا حصار تک پہنچا، جہاں وزیراعلیٰ کو کارکنان سے خطاب کرنا تھا، تاہم وہ بغیر کسی خطاب کے موقع سے چلے گئے۔
اس کی وجہ سے عمران خان جیل میں پڑا ہے یہ پہلے بھی بھاگا تھا اب بھی بھاگ گیا ہے یہ سارے نَوسَر باز ہیں ،علی امین کے خلاف کارکنان پھٹ پڑے pic.twitter.com/68MrzHo7z6
— WE News (@WENewsPk) August 5, 2025
وزیراعلیٰ کے خطاب نہ کرنے پر ریلی کے شرکا اشتعال میں آگئے۔ انہوں نے خیبر روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور علی امین گنڈاپور کے خلاف نعرے بازی کی۔
غصے سے بھرے کارکنان نے الزام عائد کیاکہ علی امین کی وجہ سے عمران خان آج جیل میں ہیں، وہ پہلے بھی فرار ہو چکا ہے اور آج پھر بھاگ گیا۔ ’یہ تمام لوگ نوسرباز اور خریدے ہوئے ہیں۔‘
ایک خاتون کارکن نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم علی امین کے خطاب کے منتظر تھے لیکن وہ چپ چاپ نکل گئے۔ اگر وہ خیبرپختونخوا کو سنبھال نہیں سکتے تو بہتر ہے کہ استعفیٰ دے دیں۔
ایک اور کارکن نے مطالبہ کیاکہ چیئرمین عمران خان کو چاہیے کہ پارٹی کی صفوں میں چھانٹی کریں اور صرف ایماندار اور وفادار لوگوں کو جگہ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک گھنٹے میں عمران خان کی رہائی ممکن ہے، اسد قیصر نے بڑا دعویٰ کردیا
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج عمران خان کی رہائی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا، پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا تاہم کوئی بھی جیل کے باہر نہ پہنچ سکا۔