بھارت کے تیز گیند باز محمد سراج اور پرسدھ کرشنا نے انگلینڈ کے خلاف دی اوول ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے محمد سراج نے 674 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 12 درجے ترقی کے ساتھ 15ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔ وہ اب عالمی سطح پر سرفہرست فاسٹ باؤلرز میں شمار ہونے لگے ہیں۔
Big changes near the top of the Test rankings following the epic fifth Test between England and India at The Oval 😲
Details 👇https://t.co/O2f86GzxYs
— ICC (@ICC) August 6, 2025
دوسری جانب پرسدھ کرشنا نے بھی 8 وکٹیں حاصل کرکے 25 درجے ترقی کے بعد 59ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف بھارت کی 6 رنز سے تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں:انگلینڈ بھارت ٹیسٹ سیریز میں ٹوٹے اور بنے نئے ریکارڈز
انگلینڈ کے نوجوان فاسٹ باؤلر گس ایٹکنسن نے بھی دی اوول ٹیسٹ میں 8 وکٹیں حاصل کرکے پہلی بار ٹاپ 10 باؤلرز میں جگہ بنالی ہے۔ ان کے ساتھی جوش ٹنگ نے بھی زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے 14 درجے ترقی کے ساتھ 46ویں پوزیشن حاصل کی۔
بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے اوول ٹیسٹ میں شاندار سینچری کی بدولت بیٹرز کی عالمی درجہ بندی میں 3 درجے ترقی کرتے ہوئے 5ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ان کے ریٹنگ پوائنٹس 792 ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک بدستور بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
زمبابوے کے خلاف سیریز میں نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر میٹ ہنری نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 درجے ترقی کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ان کے ریٹنگ پوائنٹس 817 ہو گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے۔ بیٹرز میں ڈیرل مچل نے بھی 4 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے۔
مزید پڑھیں:کرکٹ کے یادگار ڈرامائی لمحات، بھارت نے انگلینڈ کو صرف 6 رنز سے ہرا کر ٹیسٹ سیریز برابر کر دی
ٹی20 رینکنگ میں بھی اکھاڑ پچھاڑ
ٹی20 انٹرنیشنل کی تازہ درجہ بندی میں بھی نمایاں تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔ آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹر ٹِم ڈیوڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دھواں دار سینچری کی بدولت دو درجے ترقی پا کر 16ویں پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان کے اوپنر صائم ایوب نے فلوریڈا میں شاندار کارکردگی کے بعد 25 درجے چھلانگ لگا کر 37ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے 23 درجے ترقی کے بعد 32ویں پوزیشن پر پہنچ کر کیشو مہاراج کے ساتھ برابری کرلی ہے۔