گوگل ڈیپ مائنڈ نے جینی 3 لانچ کردیا، خصوصیات کیا ہیں؟

بدھ 6 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوگل ڈیپ مائنڈ نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں ایک اور بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ’جینی 3‘ کے نام سے نیا عالمی ماڈل متعارف کرا دیا ہے، جو صارفین کو محض ٹیکسٹ کمانڈز کے ذریعے ایک متحرک، انٹرایکٹو اور حقیقت سے قریب تر دنیا تخلیق کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کا نیا سنگ میل، ’جیمنی 2.5 ڈیپ تھنک‘ ماڈل متعارف، خصوصیات کیا ہیں؟

نئے ماڈل کی سب سے نمایاں خوبی یہ ہے کہ یہ p720 ریزولوشن اور 24 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے ویڈیو جیسا ماحول تخلیق کرتا ہے۔ اس سے پہلے پیش کیا گیا ماڈل، جینی 2، صرف p360 ریزولوشن پر محدود اور مختصر 3 ڈی مناظر تک محدود تھا۔

ڈیپ مائنڈ کے مطابق جینی 3 ماحول کے اندر تسلسل کو بھی یقینی بناتا ہے۔ اگر کوئی صارف کسی علاقے سے نکل کر دوبارہ وہاں داخل ہو تو وہاں کی اشیاء اور مقامات اپنی اصل حالت میں برقرار رہتے ہیں، جو مصنوعی طور پر تخلیق کردہ دنیاؤں میں ایک نیا معیار قائم کرتا ہے۔

ماڈل کی ایک اور اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارفین زمین کی ساخت، مقامات اور اشیاء کو حقیقی وقت میں اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کر سکتے ہیں۔ ٹیکسٹ پر مبنی احکامات سے منظرنامے بنانا اور ان میں تبدیلی کرنا اب ممکن ہو گیا ہے، جو تخلیقی استعمال اور صارف تجربے کو مزید دلچسپ بنا دیتا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ جینی 3 کا ماڈل آرٹیفیشل جنرل انٹیلیجنس (AGI) کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ممکنہ استعمالات میں لامحدود گیمنگ دنیاؤں کی تخلیق، اور روبوٹس کی تربیت کے لیے حالات کی نقلی تخلیق شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کا مصنوعی ذہانت کا ماڈل انٹرنیشنل میتھمیٹیکل اولمپیاڈ میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اس ماڈل کی مدد سے اپنی مصنوعی ذہانت پر مبنی ایجنٹ ٹیکنالوجی، ’SIMA‘، کو بھی تربیت دے رہی ہے تاکہ حقیقی دنیا میں قابلِ عمل مشق ممکن ہو سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جینی 3 کی یہ پیش رفت اے آئی سے چلنے والی نقلی دنیاؤں اور ویژوئل مواد کی تخلیق کے شعبے میں ایک نیا باب کھول سکتی ہے، جو آئندہ برسوں میں متعدد شعبوں پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp