پی ٹی آئی کی دیگر اعلیٰ قیادت گرفتار، شاہ محمود نے اپنی گرفتاری کی تردید کردی

بدھ 10 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےنائب صدر شاہ محمود قریشی، پارٹی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت، علی زیدی، عمر سرفراز چیمہ اور اظہر مشوانی کے والد اور بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ دیگر رہنماؤں کی گرفتاریوں کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پولیس کو چکمہ دے کر عقبی دروازے سے نکل گئے تھے تاہم پولیس نے شاہ محمود قریشی کا تعقب جاری رکھا اور بعد ازاں گرفتار کر لیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی تردید کر رہی ہے۔

 جنرل سیکرٹری اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا، اسد عمر کو انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔ اسد عمر کو گزشتہ روز احتجاج کی قیادت کرنے پر گرفتار کیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور وکیل بابر اعوان کے مطابق اسد عمر نے تمام مقدمات میں ضمانت لی ہوئی ہے ایسی صورت میں انہیں گرفتار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

یاد رہے پی ٹی آئی کے دونوں رہنما عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست لے کر ہائیکورٹ گئے تھے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق، نیب، ایف آئی اے اور پولیس فواد چوہدری کو گرفتار کرنے سے روکا ہے۔ فواد چوہدری کے کیس کی مزید سماعت 12 مئی کو ہو گی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان و رہنماؤں کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔

گزشتہ رات پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی اور علی الصبح سابق گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے مزید اہم رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی ہدایات دی ہیں جس کے بعد پولیس نے مزید 5 ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

کراچی

علی زیدی کو کراچی کے علاقے کالا پل سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ پارٹی سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کی قیادت کر رہے تھے۔

لاہور

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کے والد اور بھائی کو پولیس نے گرفتار کر لیا، اظہر مشوانی کے مطابق انکے والد اور بھائی کو پولیس گھر سے اٹھا کر لے گئی ہے۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن کی ٹیم نے آج صبح 4:30 بجے عمر چیمہ کو لاہور سے حراست میں لیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق عمر سرفراز چیمہ کو ان کےگھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔

عمر سرفرازچیمہ پر اختیارات کے ناجائز استعمال پر اینٹی کرپشن میں تحقیقات جاری ہیں، اینٹی کرپشن حکام نے ان کو تحقیقات کے لیے 3بار نوٹسز بھیجے تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی پنجاب کے سیکرٹری میاں محمود رشید کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس نے علی الصبح 4 بجےانکے گھر چھاپہ مارا تاہم پولیس انکو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

لاہور میں ہی سابق ممبر صوبائی اسمبلی میاں اکرم عثمان اور انکے بھائی کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے گھر میں گھس کر ڈرائیور کو مارا اور خواتین سے بدتمیزی کی۔

سیالکوٹ

 پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے انکی گرفتاری کے لیے سیالکوٹ میں موجود انکی رہائش گاہ پر دھاوا بولا ہے، پولیس نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور خواتین کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

دوسری جانب پارٹی کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ابھی تک 200 کے قریب کارکنان کو مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp