ناروے کے برف پوش پہاڑوں میں 5 دن تک لاپتا رہنے والے برطانوی نژاد امریکی صحافی الیک لون کو زندہ حالت میں بچا لیا گیا۔ وہ فولگی فونہ نیشنل پارک میں پیدل سفر کے دوران ایک چٹان سے گرنے کے باعث ٹانگ توڑ بیٹھے تھے اور حرکت کرنے سے قاصر تھے۔
38 سالہ موسمیاتی صحافی نے بارش کا پانی پی کر اور صرف 2 چاکلیٹ بارز کھا کر جان بچائی۔ وہ اپنی سرخ جیکٹ اور ہاتھ ہلانے کے باعث ریسکیو ٹیم کو دکھائی دیے۔ انہیں شدید زخمی حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ڈنمارک کے چڑیا گھر نے ’ٹائیگرز‘ کے لیے شہریوں سے زندہ جانور عطیہ کرنے کی اپیل کر دی
ان کی اہلیہ، فلم ساز وکتوریا سلچینکو نے اس واقعے کو ’معجزہ‘ قرار دیا اور تمام ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ پولیس کے مطابق الیک ایک تجربہ کار ہائیکر تھے اور مکمل سامان سے لیس تھے، تاہم حادثے کے بعد وہ مسلسل کئی دن بے یارو مددگار پڑے رہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ 5 دن بعد کسی لاپتا شخص کو زندہ حالت میں ملنا انتہائی غیر معمولی اور خوش آئند ہے۔