بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے سے روک نہیں سکتی۔ قاسم اور سلیمان کے پاس نائیکوپ موجود نہیں، انہوں نے برطانوی پاسپورٹ پر ویزا کے لیے اپلائی کیا۔
راولپنڈی میں عدالت پیشی کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ ان کے خلاف متعدد مقدمات چل رہے ہیں اور ضمانت ملنا ممکن نہیں ہے۔ قتل کیس میں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بیٹوں کے ساتھ سیاسی انتقام نہیں ہونا چاہیے، خواجہ سعد رفیق
انہوں نے بتایا کہ یہ تمام مقدمات غیر قانونی اور سیاسی انتقام پر مبنی ہیں۔ ان کا جرم صرف عمران خان کا عوامی پیغام پہنچانا ہے۔ انہوں نے سوال کیاکہ کیا یہ جرم ہے؟
علیمہ خان نے ججز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی مجبوریوں کی وجہ سے کب تک انصاف سے محروم رکھیں گے۔ پولیس اہلکار بھی دباؤ میں ہیں اور انہیں چاہیے کہ غلط مقدمات ختم کریں تاکہ وہ قوم کے ہیرو بن سکیں۔
انہوں نے کہاکہ غریب لوگ طویل فاصلے طے کرکے عدالت آتے ہیں، انہیں بھی انصاف ملنا چاہیے، اگر جرم ہے تو سزا دی جائے، ورنہ انصاف دیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے، ججز کو اس اعتماد کو بحال کرنا ہوگا۔
علیمہ خان نے کہا کہ 14 اگست کو سیاسی مظاہرہ ہوگا جو آزادی کے لیے قربانیوں کو یادگار بنائے گا۔ عمران خان اپنی آزادی کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں کیونکہ عام لوگوں کو اب تک آزادی نہیں ملی۔
علیمہ خان نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کے حوالے سے بتایا کہ ان کے پاس نائیکوپ کارڈ موجود نہیں ہے، مگر برٹش پاسپورٹ کے ذریعے ویزا کے لیے درخواست دے چکے ہیں۔ حکومت انہیں پاکستان آنے سے نہیں روک سکتی۔ ویزا کے حصول کے لیے دوبارہ ایمبیسی سے رابطہ کیا جائے گا اور اگر ویزا نہ ملا تو مزید کوششیں کی جائیں گی۔ وزارت داخلہ اور خارجہ نے اس معاملے میں ذمہ داریوں کی جانب اشارہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام نے 5 اگست کو خوف کو شکست دی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر قانون کی خلاف ورزی نہیں کی جاتی، البتہ ہمیں پھر بھی ملاقات کی اجازت نہیں ملتی۔
یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے عمران خان کے بیٹے کے بیانات بے بنیاد قرار دے دیے
قبل ازیں تھانہ صادق آباد میں دائر 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمے میں علیمہ خان انسداد دہشتگردی عدالت پیش ہوئیں جہاں عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 25 اگست تک توسیع کردی۔