پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں اگرچہ مسلمانوں کے لیے شراب نوشی ممنوع ہے، تاہم قانون کے تحت شراب تیار کرنے کی اجازت موجود ہے، اور بعض ہوٹلوں کو محدود پیمانے پر شراب فروخت کرنے کا لائسنس بھی دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 ہوٹلز کو شراب فروخت کرنے کی اجازت حاصل ہے۔ جمعہ کے روز وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں میریٹ، سرینا، بیسٹ ویسٹرن اور موو اینڈ پک ہوٹلز کو شراب کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں، جو مخصوص شرائط کے تحت دیے جاتے ہیں۔
قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں چار مقامات پر شراب باضابطہ لائسنس لے کر فروخت کی جاتی ہے۔ اور اس کی شرائط بھی طے ہیں۔ pic.twitter.com/TOycqiJGxb
— A.Waheed Murad (@awaheedmurad) August 8, 2025
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ایل ٹو شراب لائسنس کی فیس 5 لاکھ روپے مقرر ہے، جب کہ اس کی سالانہ تجدید کے لیے 1 لاکھ 50 ہزار روپے فیس وصول کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ لائسنس یافتہ فرد یا اس کے عملے پر لازم ہو گا کہ ایکسائز کمشنر کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ تمام احکامات اور ہدایات کی مکمل پابندی کریں۔
شرائط کے مطابق، ہوٹلز کو ہدایت دی گئی ہے کہ شراب کو دیگر اشیاء سے الگ رکھا جائے۔ شراب کی نئی کھیپ کی آمد کے سات روز کے اندر اور کھولنے سے اڑتالیس گھنٹے پہلے متعلقہ ایکسائز افسر کو مطلع کرنا ضروری ہے۔ مزید یہ کہ ایکسائز افسر کو اختیار حاصل ہے کہ وہ بغیر کسی وجہ کے لائسنس منسوخ کر سکتا ہے۔