خیبرپختونخوا: ’جشنِ آزادی و معرکۂ حق‘ شجرکاری مہم کا آغاز، 450 پودے لگائے گئے

جمعہ 8 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر “جشنِ آزادی و معرکۂ حق” کے عنوان سے صوبے بھر میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد سرسبز و شاداب خیبرپختونخوا کے وژن کو فروغ دینا اور شہری آبادی کو درختوں کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔

مہم کا باضابطہ آغاز پشاور کے رنگ روڈ پر واقع کچرا ڈمپنگ سائٹ پر شجرکاری کی ایک تقریب سے ہوا، جہاں ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ عالم، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر، محکمہ جنگلات کے افسران، اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں ’سرسبز پاکستان، بینظیر پاکستان‘ شجرکاری مہم کا آغاز

افتتاحی مرحلے میں 450 سے زائد پودے لگائے گئے جن میں سایہ دار اور ماحول دوست اقسام شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام شہری علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، خوبصورتی میں اضافے اور ماحولیاتی شعور بیدار کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

شرکاء نے اس موقع پر ماحول کے تحفظ اور شجرکاری کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا کے مطابق یہ شجرکاری مہم “جشنِ آزادی” کے سلسلے کی اہم کڑی ہے اور یہ مرحلہ وار صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی جاری رکھی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp