پاکستان نے اسرائیل کے جانب سے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کے منصوبے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا مقصد فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی مہم کو مزید وسعت دینا ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے اقدامات سے غزہ کی پہلے ہی سنگین صورتحال مزید بگڑ جائے گی اور خطے میں امن کے لیے جاری عالمی کوششوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی اسرائیلی کابینہ کے غزہ پر قبضے کی منظوری کی شدید مذمت
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری اقدامات کرے اور اسرائیل کو اس کے سنگین جرائم پر جوابدہ بنایا جائے۔
دفتر خارجہ نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں تک امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔
بیان کے اختتام پر پاکستان نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے فوری اور مؤثر مداخلت کی اپیل کی۔