حکومت بلوچستان نے جھالاوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا

پیر 11 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت بلوچستان نے جھالاوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے زیر التواء منصوبے کو فعال کرنے اور اس پر فوری کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر وزیراعلیٰ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ازسرنو پی سی ون تشکیل دے کر منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ فیصلہ کیا گیا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا کر منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری محکمہ مواصلات کے سپرد کی جائے گی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جھالاوان میڈیکل کالج سے اب تک 2 بیچ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں، جبکہ 400 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ منصوبے میں تاخیر سے طلبہ کو تعلیمی اور عملی مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ طلبہ کا مستقبل داؤ پر نہیں لگنے دیں گے اور منصوبے کو ہر صورت جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھالاوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کی بروقت تکمیل سے علاقے میں طبی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp