ایلون مسک نے ایپل پر سنگین اینٹی ٹرسٹ (اجارہ داری مخالف) قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا کہ ایپل اس انداز میں کام کر رہا ہے جس سے اوپن اے آئی کے علاوہ کوئی بھی اے آئی کمپنی ایپ اسٹور میں پہلے نمبر پر نہیں آسکتی، جو واضح طور پر اینٹی ٹرسٹ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی ایکس اے آئی (xAI) فوری طور پر قانونی چارہ جوئی کرے گی۔
یہ تنازع ایکس اے آئی کے چیٹ بوٹ “گروک” (Grok) کی رینکنگ کے معاملے پر سامنے آیا، جو حال ہی میں ایپ اسٹور کے ٹاپ فری ایپس میں پانچویں نمبر پر پہنچا۔ مسک نے شکوہ کیا کہ ایپل “مسٹ ہیو” سیکشن میں نہ گروک کو شامل کر رہا ہے اور نہ ہی پلیٹ فارم ایکس کو، جبکہ ایکس دنیا کی نمبر ون نیوز ایپ ہے۔
مزید پڑھیں: ایلون مسک کا بچوں کے لیے نیا اے آئی چیٹ بوٹ ’بے بی گروک‘ متعارف کرانے کا اعلان
ایپل نے تاحال مسک کے الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
مسک اور اوپن اے آئی کے درمیان پرانی کشیدگی موجود ہے۔ وہ 2015 میں اوپن اے آئی کے شریک بانی تھے لیکن 2018 میں بورڈ سے علیحدہ ہوگئے۔ اس وقت وہ اوپن اے آئی اور اس کے سی ای او سیم آلٹ مین کے خلاف یہ مقدمہ بھی لڑ رہے ہیں کہ ادارے نے اپنے بانی مشن سے انحراف کیا۔
ایپل پہلے بھی اینٹی ٹرسٹ کیسز کا سامنا کرچکا ہے۔ گزشتہ سال امریکی محکمہ انصاف نے اس پر آئی فون ایکو سسٹم میں اجارہ داری قائم رکھنے کا الزام لگایا تھا، جبکہ جون میں عدالت نے ایپل کی وہ اپیل مسترد کر دی تھی جس میں ایپ اسٹور میں کمیشن اور لنکس کے ڈیزائن پر اپنی پالیسی برقرار رکھنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔