ایک سال پہلے پاکستان کی سیر کرنے والے ٹریول ویلاگر امرک سنگھ بھارت میں لاپتہ

منگل 12 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 مشہور یوٹیوب ٹریول چینل ‘واک ود ترنا’ کے بانی اور ٹریول ویلاگر امرک سنگھ کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا ہے کہ وہ پیر کی شام پولیس اسٹیشن بلائے جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

ان کی اہلیہ من پریت کور کے مطابق، امرک سنگھ کو لوہیاں پولیس اسٹیشن جالندھر میں گزشتہ برس کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے معلومات دینے کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے سکھ مذہبی مقامات اور ثقافتی مقامات پر مبنی ویڈیوز بنائی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے ’اجے دیوگن کی جگہ کوئی سکھ پاکستانی کھلاڑیوں سے ملتا تو اسے غدار کہا جاتا‘، بھارتی غصے سے پھٹ پڑے

پولیس کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی کہ امرک سنگھ کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس طلبی اور پراسرار خاموشی
من پریت کور کے مطابق، امرک سنگھ پیر کی شام تقریباً ساڑھے 5 بجے پولیس اسٹیشن روانہ ہوئے اور پہنچ کر انہیں فون کیا کہ وہ بیان ریکارڈ کرا رہے ہیں۔ اس کے بعد ان کا فون بند ہوگیا۔ رات ساڑھے 8 بجے فون دوبارہ آن ہوا تو بھیجے گئے پیغامات ڈیلیور ہو گئے، مگر اس کے بعد کوئی رابطہ نہ ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیے خالصتان تحریک کے رہنما ڈاکٹر امرجیت سنگھ کی کتاب نے بھارت میں ہلچل مچادی

من پریت کور نے الزام لگایا کہ اسی رات تقریباً 10 بجے کے قریب 10 کے قریب پولیس اہلکار، جن میں سے کچھ وردی میں اور کچھ سادہ لباس میں تھے، ان کے گھر ترنا گاؤں پہنچے اور امرک سنگھ اور یوٹیوب چینل کے بارے میں سوالات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں 2 پولیس اہلکار، جن میں سے ایک مبینہ طور پر نشے میں تھا، دوبارہ گھر آئے اور لیپ ٹاپ دینے کا مطالبہ کیا۔ ہم نے بتایا کہ ہمارا سارا کام موبائل پر ہوتا ہے، اس پر انہوں نے ہمارا ورک فون لے لیا۔

پاکستان کے سفر پر سوالات
من پریت کور نے کہا کہ ان کا پاکستان کا سفر صرف تاریخی اور مذہبی مقامات کی کوریج کے لیے تھا، خاص طور پر سکھ مت سے متعلق مقامات جیسے ننکانہ صاحب اور کرتارپور۔ انہوں نے مزید کہا:

’ہم عام لوگ ہیں، مجرم نہیں۔ ہمارا کام صرف سفر اور ویڈیوز بنانا ہے۔ پولیس چاہے تو ہر طرح کی تفتیش کرے، لیکن ہمیں کم از کم یہ تو معلوم ہونا چاہیے کہ امرک سنگھ کہاں ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے جیل میں قید سکھ رہنما امرت پال سنگھ نے بھارتی حکام کی نیندیں اڑا دیں

ذرائع کے مطابق، آپریشن سندور کے بعد پاکستان کا سفر کرنے والے یا وہاں سے روابط رکھنے والے کئی یوٹیوبرز بھارتی تحقیقاتی اداروں کی نگرانی میں ہیں۔

امرک سنگھ اور من پریت کور دونوں سابق صحافی ہیں اور 2022 سے اپنے چینل کے ذریعے ایران، افغانستان، دبئی اور دیگر ممالک کے سفر کی ویڈیوز بنا چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp