نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت رواں دواں ہے، فیلڈ مارشل کے صدر اور محسن نقوی کے وزیراعظم بننے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حضرت علی ہجویریؒ کے عرس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت عزت عطا فرمائی ہے۔ پاکستان آہستہ آہستہ دوبارہ ترقی کی طرف گامزن ہے۔ معیشت بہتر ہورہی ہے۔ ہمارے سفارتی معاملات میں بھی اللہ تعالیٰ بڑی کرم نوازی کر رہے ہیں۔ انشااللہ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری و ساری رہے گا جب تک پاکستان دنیا کے نقشے پر اسلام کے ایک مضبوط قلعہ کے طور پر نہیں ابھرتا۔ یہ سفر طویل ہوتا ہے لیکن میرے نزدیک سفر شروع ہوچکا ہے۔ اور ہم نے اس سفر کو تیزی سے مکمل کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے نواز شریف کے صدر بننے کی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، سینیٹر عرفان صدیقی کی وضاحت
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جو بے مثال کامیابیاں عطا کی ہیں، ان میں سب سے بڑی کامیابی معرکہ حق ہے۔ یہ معاملہ 22 اپریل کو شروع ہوگیا تھا، اصل لڑائی 6 مئی کی رات سے 10 مئی کی صبح تک تھی۔ یہ 4 روزہ جنگ فضاؤں، ہواؤں اور زمین پر جنگ میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ عزت عطا فرمائی۔ دنیا اب پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ اور ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر مملکت اور محسن نقوی کے وزیراعظم بننے کی خبروں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اس قسم کی افواہوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔ جب تک کوئی بات ثابت نہ ہوجائے، اسے پھیلانا نہیں چاہیے۔ نہ محسن نقوی کے حوالے سے خبر درست ہے اور نہ ہی فیلڈ مارشل کے حوالے سے۔ حکومت رواں دواں ہے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے: زرداری مستعفی نہیں ہورہے، فیلڈ مارشل نے کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر نہیں کی، وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف مقدمات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ جب کوئی انسان اپنے ملک کے خلاف چل پڑتا ہے، اپنے اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھا لے، وہ بغاوت شمار ہوتی ہے۔ اب اس معاملے میں وزیراعظم کچھ کرسکتے ہیں نہ ہی میں کچھ کرسکتا ہوں۔ قانونی عمل پورا ہونا ہے۔ نہ ہماری حکومت نے یہ مقدمات بنائے تھے نہ ہی ہم نے ان کو ایسا کوئی جواز فراہم کیا تھا، عدالتیں جو بھی فیصلہ کریں گی، ہم اس کا احترام کریں گے۔














