وفاقی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک کے سب سے بڑے سویلین اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کو بعد از وفات نشان پاکستان سے نواز دیا گیا
یہ اعزاز بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کو آج ایک خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔
معروف نیوز چینل کے رپورٹر سلیمان سعادت خان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو یہ اعزاز بھارت کے خلاف جنگ کے بعد عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بلاول نے بھارتی جارحیت کے تناظر میں یورپی پارلیمنٹ سمیت مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستان کا امن بیانیہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔
یاد رہے کہ بھارت کے خلاف جنگ کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت کی جانب سے سعودی نیول چیف کو نشان پاکستان (ملٹری) کا اعزاز
بلاول کی قیادت میں پاکستانی وفد نے امریکا کے اہم اراکینِ کانگریس سمیت کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور خطے کے امن کے لیے پاکستان کے عزم کو واضح کیا۔
بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر جارحیت کی تھی، جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے نہ صرف 6 بھارتی جنگی طیارے گرائے بلکہ متعدد ایئر فیلڈز کو بھی تباہ کیا۔

4 روزہ جنگ میں بھارت نے امریکا سے مدد طلب کی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔