مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ایک گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے کم از کم 46 افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں:اتراکھنڈ کلاؤڈ برسٹ:ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی، بھارتی فوجیوں سمیت 100 لاپتہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 30 سے زیادہ ہندو یاتری شامل ہیں، جو بڑی تعداد میں مندر کی جانب جانے کے لیے متاثرہ علاقے میں موجود تھے۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ جس مقام پر کلاؤڈ برسٹ ہوا، وہاں اس وقت تقریباً ایک ہزار سے 1200 افراد موجود تھے۔
مقامی حکام کے مطابق بادل پھٹنے کے بعد شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 200 افراد لاپتا ہوگئے ہیں، جبکہ قریب 100 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 30 کی حالت تشویشناک ہے۔
وفاقی وزیر جتندر سنگھ اور جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سول انتظامیہ، پولیس، فوج، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کو فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:کمراٹ: شدید بارش، بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال، سیاح محصور
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اب تک 40 لاشوں کو ریسکیو کیا جاچکا ہے جبکہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔














