پاکستان شوبز کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی صرف 1 ہزار روپے میں ہوئی تھی۔
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے سادہ شادیوں کی اہمیت پر بات کی۔ اداکارہ نے اپنا ذاتی تجربہ بھی شیئر کیا کہ کس طرح ان کا اور اقبال انصاری کا نکاح سادگی سے انجام پایا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں آپ کو تقریباً 45 سال پرانی بات بتا رہی ہوں۔ 1978 کی بات ہے جب انصاری صاحب ٹی وی کے ملازم تھے اور سرکاری ملازمت میں 1200 روپے ماہانہ کماتے تھے۔ انہوں نے میرے والد سے کہا کہ وہ اپنی گاڑی بیچ کر سونے کے زیور خرید لیں گے اور ولیمے کے لیے قرض لیں گے۔ میرے والد نے انکار کر دیا اور کہا نہیں، گاڑی تمہارے کام آئے گی تم اس میں سفر کرو گے جبکہ زیور کسی کام کا نہیں ہوگا۔
میرے والد نے کہا قرض لے کر فضول ولیمہ کرنے کی بھی ضرورت نہیں، لوگ کھانا کھا کر چلے جائیں گے اور تم قرض میں ڈوبے رہو گے۔ میں انتظام کرتا ہوں، نکاح ہو جائے گا۔ اداکارہ نے کہا کہ ہماری شادی صرف ایک ہزار روپے میں ہو گئی۔ نہ قرض لیا، نہ زیور خریدا، نہ فضول خرچ کیا اور ہمیں کبھی کسی قرض کی ادائیگی نہیں کرنی پڑی۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری ایک لیجنڈ پاکستانی اداکارہ ہیں جو میڈیا انڈسٹری سے ایک طویل عرصے سے وابستہ ہیں۔ انہیں بیک وقت گلوکاری، تحریر اور میزبانی جیسی متعدد صلاحیتوں کے لیے بھی سراہا جاتا ہے۔ حال ہی میں کامیاب ہٹ ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں ان کی نیچرل اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا۔
پاکستان کی اداکارہ بشریٰ انصاری بے پناہ ٹیلنٹ کی مظہر ہیں۔ وہ گانا، اداکاری اور لائیو پرفارم کر سکتی ہیں۔ ہر عمر کے لوگ ان سے محبت کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی لازوال اداکاری کے ذریعے مداحوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔
بشریٰ انصاری کے نام ان گنت ہٹ پروجیکٹس ہیں اور ان کے مداح ہمیشہ اس بات کے منتظر رہتے ہیں کہ وہ آگے کیا سائن کریں گی اور کس قسم کا کردار نبھائیں گی۔