فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار اور 4 معصوم شہریوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر پیغام
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان اور کوئٹہ کی ٹیموں نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جن کے دوران انسانی اسمگلنگ اور ٹریفکنگ میں ملوث 2 بڑے گروہوں کا نیٹ ورک توڑا گیا۔
گرفتار ملزمان میں رسول باچا، امین اللہ، حشمت علی، طالب حسین اور احسان اللہ شامل ہیں جنہیں تفتان اور لورالائی سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ ملزمان غیر قانونی راستوں کے ذریعے شہریوں کو ایران اور ترکی منتقل کرنے میں ملوث تھے اور ایران و ترکی میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کو بھی انتہائی مطلوب تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم رسول باچا، امین اللہ اور حشمت علی متعدد شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوا چکے ہیں۔ یہ گروہ پاکستان سے ایران اور وہاں سے ترکی لے جانے کے لیے خفیہ راستوں کا استعمال کرتا تھا۔
دوسری جانب، طالب حسین اور احسان اللہ سرحد پار کرانے کے عمل میں براہِ راست ملوث پائے گئے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے گھروں سے 4 شہریوں کو بھی بازیاب کرایا گیا، جو غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کیے جا رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان ایران میں مقیم ایجنٹ فہیم گجر کے کارندے کے طور پر کام کر رہے تھے۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔