پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار شبیر جان کا کہنا ہے کہ ہمایوں سعید پاکستان کے بہترین اداکار نہیں ہیں۔
شبیر جان نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی ڈراموں، اداکاروں اور مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں: علم ہی نہیں تھا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ پرفارم کرنا ہے، ہمایوں سعید نے یادگار واقعہ سنا دیا
ہمایوں سعید سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا وہ بہت محنتی ہیں، میں نے انہیں اسٹار بنتے دیکھا ہے۔ جس طرح وہ کام کر رہے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ تابش ہاشمی نے سوال کیا کہ کیا ہمایوں سعید پاکستان کے سب سے بہترین اداکار ہیں جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اچھے اداکار ہیں لیکن پاکستان کے بہترین اداکار نہیں ہیں۔
شبیر جان کا کہنا تھا کہ آج کل بہترین اداکاروں کی تعداد بہت کم ہے، پاکستان میں اب اداکار بہت کم رہ گئے ہیں اب تو صرف ماڈل ہیں جنہیں کام نہیں آتا وہ بال بناتے ہیں، میک اپ کرتے ہیں اور ان کی توجہ باڈی بنانے پر ہے تاکہ وہ خوبصورت نظر آئیں۔ اب فنکار اپنے کردار سے زیادہ اپنی اسکرین پر نظر آنے والی خوبصورتی کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ساتھ کام نہیں کر پائیں گے‘، خلیل الرحمان قمر کا ہمایوں سعید کے ساتھ کام نہ کرنے کا عندیہ
اداکار نے مزید کہا کہ ان کے زمانے کے اداکار باقاعدہ ریہرسل کرتے تھے، جب کہ آج کل کے اداکار جلدی جلدی کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ڈائیلاگز کی ادائیگی بھی صحیح سے نہیں آتی اور اسی غلط ادائیگی کے ساتھ ڈراما بھی نشر ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ہمایوں سعید کامیاب اداکار اور پروڈیوسر ہیں۔ وہ ان چند ناموں میں شامل ہیں جو ملک میں ہٹ فلمیں بنا رہے ہیں۔ لوگ انہیں دیکھنا پسند کرتے ہیں اور اس سال انہیں فلم ’لو گُرو‘ میں دیکھا گیا اور اب وہ ٹیلی وژن پر ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں نظر آ رہے ہیں۔














