اسرائیلی فضائی حملہ میں اسلامی جہاد کمانڈر جاں بحق

جمعرات 11 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین کے علاقے غزہ میں فلسطینی اسلامی جہاد کے سینیئر رہنما سمیت دو افراد اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس کے قریب حماد ریذیڈینشل سٹی میں واقع اپارٹمنٹ بلڈنگ کی پانچویں منزل کو ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے علی الصبح نشانہ بنایا۔

اس حملہ میں فلسطینی اسلامی جہاد کے میزائل سیکشن کے سربراہ علی حسن غالی المعروف ابو محمد سمیت ایک اور فلسطینی شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔

فلسطینی اسلامی جہاد کے مسلح ونگ نے PIJ کے میزائل سیکشن کے سربراہ علی حسن غالی کی جمعرات کی صبح فضائی حملے میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

حماس کے بعد فلسطینی جہاد تنظیم غزہ کی دوسری سب سے بڑی عسکریت پسند تنظیم سمجھا جاتا ہے اور جس نے ہر فلسطینی کے قتل کا بدلہ لینے کا عزم کیا ہوا ہے۔

اسرائیل کی فوج نے تسلیم کیا کہ غالی سمیت غزہ میں فلسطینی اسلامی جہاد کے دیگر دو کارکن اس حملے کا ہدف تھے۔ مقتول فلسطینی کمانڈر کو اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے تازہ ترین راکٹ حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں فلسطینی اسلامی جہاد کا ایک اہم رکن گردانا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی مہم بدھ کی رات سے جاری ہے۔ انہوں نے فلسطینی اسلامی جہاد کے تین کمانڈروں کی منگل کی ہلاکت کو تنظیم کو اب تک پہنچنے والا سب سے اہم دھچکا قرار دیا ہے۔

بدھ کو غزہ کے عسکریت پسندوں کی جانب سے اسرائیل کی طرف 460 سے زائد میزائل داغے گئے، جس سے مقبوضہ علاقوں میں کئی افراد کو حفاظت کی خاطر بھاگ دوڑ میں نقصان پہنچا۔

نو ماہ کی بدترین جنگ میں اسرائیلی فوج غزہ میں 130 سے زائد عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناچکی ہے۔

فلسطینی طبی حکام کے مطابق، اس ہفتے لڑائی کے نتیجے میں فلسطینی اسلامی جہاد کے 3  رہنماؤں سمیت کم از کم 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مصری میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے صورتحال پر رد عمل سے چند گھنٹے قبل مصر نے مبینہ طور پر جنگ بندی پر بات چیت کی، لیکن کسی بھی فریق نے فوری طور پر اس خبر کی تصدیق نہیں کی۔

اس سے قبل غزہ میں مسلح گروہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے اپنی مسلح جارحیت کو بڑھایا تو تاریک دن اس کا مقدر ہوں گے۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp