ایئر انڈیا کی پروازوں میں بار بار فنی مسائل، مسافروں کا اعتماد متزلزل

پیر 18 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پروازوں میں مسلسل فنی خرابیاں سامنے آنے پر ایئر انڈیا ایک مرتبہ پھر سخت تنقید کی زد میں آگئی ہے جو نہ صرف ایئرلائن کے آپریشنل تسلسل بلکہ مسافروں کے اعتماد پر بھی سوال اٹھا رہی ہیں، تازہ ترین واقعہ بھارتی ریاست کیرالا کے کوچی ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں رات گئے دہلی جانے والی پروازعین روانگی سے قبل تکنیکی مسئلے کے باعث منسوخ کر دی گئی۔

پرواز اے آئی 504 جو ایئربس اے 321 تھی، ٹیک آف سے کچھ لمحے قبل اچانک فنی خرابی کا شکار ہوگئی، ایئرلائن نے مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے پرواز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور جہاز کو تفصیلی معائنے کے لیے بھیج دیا۔ اس پرواز میں کانگریس کے رکن لوک سبھا ہِبی ایڈن بھی موجود تھے جنہوں نے طیارے کے رَن وے پر دوڑنے کے دوران ایک ’پھسلنے جیسا جھٹکا‘ محسوس کرنے کی اطلاع دی۔

ایئر انڈیا کی معذرت اور متبادل انتظامات

ایئر انڈیا نے واقعے پر باقاعدہ معافی نامہ جاری کرتے ہوئے متاثرہ مسافروں کے لیے متبادل سفر کے انتظامات کی یقین دہانی کرائی، کوچی ایئرپورٹ حکام کے مطابق نہ صرف فنی خرابی بلکہ عملے کے ڈیوٹی اوقات مکمل ہونے کے باعث بھی پرواز کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہوابازی کے قوانین کے مطابق عملے کی مقررہ ڈیوٹی ٹائم سے تجاوز خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔

مسلسل تعطل اور سوالیہ نشان

یہ واقعہ ایئر انڈیا کو درپیش بار بار کی رکاوٹوں کی کڑی ہے، اس سے قبل 3 اگست کو سنگاپور سے چنئی پرواز اے آئی 349  اور بھونیشور سے دہلی پرواز فنی خرابی کے باعث منسوخ کی گئی تھیں، ان مسلسل تکنیکی مسائل نے ایئر انڈیا کی مرمت، فلیٹ مینجمنٹ اور آپریشنل استعداد پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق ایئرلائنز کے لیے وقتاً فوقتاً فنی مسائل غیرمعمولی نہیں، تاہم بار بار کے واقعات دیکھ بھال اور احتیاطی تدابیر کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں، اس صورت حال نے نہ صرف مسافروں کی تشویش بڑھا دی ہے بلکہ سول ایوی ایشن حکام کو بھی محتاط کر دیا ہے جو اب ایئر انڈیا کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مسافروں کا اعتماد بحال کرنا بڑا چیلنج

مسلسل فنی خرابیاں اور پروازوں کی منسوخی ایئر انڈیا کے لیے ایک بڑے آپریشنل اور ساکھ کے بحران میں بدلتی جا رہی ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کو مسافروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے نہ صرف مرمتی نظام کو بہتر بنانا ہوگا بلکہ شفاف انداز میں اپنی سروسز کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp