معروف کامیڈین اور اداکارہ روبی انعم نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب اُنہیں وی لاگنگ چھوڑ کر آرام کرنا چاہیے۔
روبی انعم نے کہا کہ بشریٰ انصاری اکثر کیمرہ اٹھا کر ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں، جیسے کہ ’اب میں سامان پیک کر رہی ہوں‘، لیکن اُن کی عمر اب ایسی نہیں کہ وہ یہ سب کرتی رہیں۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا ’بس کر دے مائی، اللہ کا خوف کرو‘۔ روبی کا کہنا تھا کہ وہ ہماری ماؤں سے بھی بڑی ہیں اور اب بڑھاپے کی عمر میں داخل ہو چکی ہیں۔
روبی انعم نے اسماء عباس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں بے حد عزت اور پروٹوکول دیتی ہیں، اسی لیے وہ ان کے خلاف کچھ بول ہی نہیں سکتیں، لیکن پھر بھی یہ ضرور کہا کہ اتنا ’اوور شوٹ‘ نہ کریں۔
بشریٰ انصاری اور اسماء عباس کی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے روبی نے کہا کہ اگر آپ ڈراموں میں بھی کام کرتی ہیں اور ٹی وی پر بھی آتی ہیں تو پھر سوشل میڈیا پر اتنا متحرک ہونا مناسب نہیں لگتا، الا یہ کہ آپ بے حد حسین ہوں، تو پھر شاید یہ سب اچھا لگے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘امیتابھ کی جراب، لتا منگیشکر کی ساڑھی چاہیے’ بشریٰ انصاری کے انوکھے مطالبے پر صارفین برس پڑے
اپنی خوبصورتی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے روبی انعم نے واضح کیا کہ اُنہوں نے کبھی کوئی سرجری نہیں کروائی، بلکہ ان کی خوبصورتی قدرتی ہے۔ انہوں نے ایک دلچسپ بات بتائی کہ وہ گلاب کے عرق کی بوتل میں آبِ زم زم ڈال کر روزانہ چہرے پر چھڑکتی ہیں، جس سے ان کا چہرہ تروتازہ اور شاداب رہتا ہے۔
ذاتی زندگی کے حوالے سے روبی انعم نے کہا کہ اگرچہ آج ان کے شوہر نے انہیں زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ دیا ہے، لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب ان کے پاس بیڈ تک نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے غربت میں بھی اپنے شوہر کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی زندگی وہ نہیں جو لوگ ظاہری طور پر سمجھتے ہیں۔