خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش، گلیشیئرز پھٹنے کا امکان، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پیر 18 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں اور عوام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل اور تیز بارشوں کے باعث گلیشیائی علاقوں میں جھلیں پھٹنے (گلیشیئر برسٹ) کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خاص طور پر چترال اپر، چترال لوئر، دیر، سوات اور کوہستان اپر کے عوام کو خبردار رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز گلگت بلتستان کو کس طرح نقصان پہنچا رہے ہیں؟

ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ جاری کرنے اور انخلا کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ عوام کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت اور گاڑیاں تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات تیار کر لیے گئے ہیں، ہنگامی سامان اور ریسکیو سروسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی حالات پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: سیلاب متاثرین کے لیے معاوضہ دگنا، ادائیگی کے لیے 85 کروڑ روپے جاری

سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ عوام میں آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچنے کے اقدامات سے بروقت آگاہی فراہم کی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع یا معلومات کے لیے 1700 پر رابطہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp