عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اپیل، سپریم کورٹ میں سماعت آج ہی ہو گی

جمعرات 11 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی نیب کیس میں گرفتاری کیخلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کی گئی جس پر آج چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ دن 2 بجے سماعت کرے گا۔  بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو نیب کے احکامات پر رینجرز نے گرفتار کیا، انہیں پہلے نیب راولپنڈی آفس اور بعد ازاں پولیس ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ عدالت نے پہلے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا، اس کے بعد پولیس ہیڈ کوارٹرز کے گیسٹ ہاؤس میں ہی خصوصی طور پر عدالت قائم کی، جس نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کیا۔

قومی احتساب بیورو سابق وزیراعظم عمران خان سے 50 ارب روپے سے زائد کے القادر ٹرسٹ کیس میں باضابطہ تحقیقات کا آج سے آغاز کرے گا۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیخلاف ایک اور درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی۔

سپریم کورٹ میں درخواست ایڈووکیٹ محبوب اسلم گجر کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور رہنماؤں کی گرفتاری واضح طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور سیاسی انتقام ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ حکومت کا رویہ بنیادی حقوق اور آئین کے آرٹیکل 9 اور 10 اے کی خلاف ورزی ہے، بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ کی مداخلت ناگزیر ہے۔

درخواست گزار محبوب اسلم نے سپریم کورٹ سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ مداخلت کرتے ہوئے عمران خان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا حکم دے اور عمران خان کو جلد رہا کیا جائے۔ عمران خان کو جس طریقے سے گرفتار کیا گیا،عدالت اسکی تحقیقات کروائے۔

سپریم کورٹ میں ایڈوکیٹ محبوب اسلم کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت دفاع اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp