وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت، شعبہ صحت کی ٹیمیں، پولیو ورکرز اور تمام متعلقہ ادارے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن محنت اور عزم سے یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے تاکہ پاکستان کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
وزیرِاعظم نے روٹری انٹرنیشنل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ باقی بین الاقوامی اداروں کی طرح انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں رواں برس پولیو کے مزید 2 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 21 ہوگئی
وزیرِاعظم نے کہا کہ پولیو مہمات میں پولیو ورکرز کا کلیدی کردار ہے، ان کی محنت اور قربانیوں کی بدولت ہی یہ بیماری جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوششیں ممکن ہو رہی ہیں۔
یہ بات انہوں نے روٹری انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے صدر فرانسیسکو اریزو (Francesco Arezzo) سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کے ہمراہ ملاقات میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال، وزیرِاعظم کی انسداد پولیو کے لیے خصوصی نمائندہ عائشہ رضا فاروق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
روٹری انٹرنیشنل کے وفد نے انسداد پولیو کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وزیرِاعظم کی ذاتی دلچسپی اور قیادت کی بدولت پاکستان سے اس موذی مرض کا جلد خاتمہ ممکن ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان انسداد پولیو پروگرام اور یوفون 4G کااسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان
وفد نے بتایا کہ روٹری انٹرنیشنل نے گزشتہ برس 500 ملین ڈالر پاکستان میں انسداد پولیو کی سرگرمیوں پر خرچ کیے جبکہ رواں برس بھی اس مقصد کے لیے خطیر رقم خرچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
وفد نے وزیرِاعظم کی ٹیم اور ان کے اقدامات کی بھی تعریف کی اور پولیو کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔