بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ صفا بیگ کو شادی کے بعد سے سوشل میڈیا پر بارہا نشانہ بنایا گیا، کبھی نیل پالش لگانے پر تو کبھی بلرڈ (دھندلی) تصویر پوسٹ کرنے پر۔ ابتدا میں یہ سب دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔
ایک انٹرویو میں عرفان پٹھان نے کہا کہ شروع میں برا لگتا تھا، لگتا تھا اس کی کوئی ضرورت نہیں۔ میرے لیڈر کے بارے میں اگر کوئی کچھ کہے تو اچھا نہیں لگتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفا بیگ گھر کی “لیڈر” ہیں، اور کسی بھی منفی تبصرے پر وہ تکلیف محسوس کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی پی ایل نے عرفان پٹھان کو کمنٹری پینل سے باہر کیوں کردیا؟ اہم وجہ سامنے آگئی
عرفان پٹھان نے بتایا کہ وہ اکثر چاہتے ہیں کہ اپنی خاندانی تصاویر روزانہ شیئر کریں لیکن ذاتی طور پر وہ ایک پرائیویٹ انسان ہیں۔ اگر میرا بس چلے تو روز فیملی فوٹو پوسٹ کروں، لیکن پبلک فگر ہونے کے باوجود میں بہت پرائیویٹ انسان ہوں۔
انہوں نے یہ دلچسپ بات بھی بتائی کہ ان کی صفا بیگ سے پہلی ملاقات سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی اور پہلا رابطہ انہوں نے خود کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ’ارشدیپ نے وہی کیا جو عرفان پٹھان نے کیا تھا‘ انضمام الحق کے الزام پر صارفین کے تبصرے
بات چیت کے دوران انہوں نے اپنے کیریئر کے نشیب و فراز کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایس دھونی کی کپتانی کے دوران انہیں کئی بار نظرانداز کیا گیا۔ مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2009 کے نیوزی لینڈ ٹور میں پوری ون ڈے سیریز میں بینچ پر بٹھایا گیا اور صرف 2 ٹی20 میچز کھیلنے کو ملے۔
عرفان نے اس وقت کے کوچ گیری کرسٹن سے وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ کچھ چیزیں میرے ہاتھ میں نہیں ہیں۔ عرفان نے کہا کہ انہیں بخوبی علم تھا کہ فیصلہ کپتان کے ہاتھ میں تھا، اور وہ دھونی کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔