بھارت کے شہر کلکتہ میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آغاز ہوچکا ہے تاہم لیگ کے پہلے میچ میں انڈیا کے سابق کرکٹر اور کمنٹریٹر عرفان پٹھان کمنٹری باکس میں نظر نہیں آئے۔
عرفان پٹھان آئی پی ایل کے کمنٹری پینل میں ہمیشہ شامل ہوتے تھے تاہم اس بار انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے ان کا نام پینل سے خارج کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان پٹھان کی کمنٹری کے اسٹائل پر بہت سارے کھلاڑیوں کو اعتراض تھا جس کے بعد انہیں پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: شین واٹسن کا آئی پی ایل کمنٹری کو گرین شرٹس کی کوچنگ پر ترجیح دینے کا فیصلہ
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عرفان پٹھان کا دوران میچ تبصرہ جانبدار تھا اور وہ کمنٹری میں مخصوص کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے تھے۔
خصوصاً عرفان پٹھان کا بارڈر۔گواسکر ٹرافی کے دوران ویرات کوہلی پر تبصرے اور ہردک پانڈیا کے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے فیصلے پر تنقید کی وجہ سے مذکورہ کھلاڑی ان کے خلاف ہوگئے۔
عرفان پٹھان پر دوران کمنٹری اپنی ذاتی رائے اور پسند ناپسند کو پیشہ ورانہ تجزیے میں شامل کرنے پر اعتراض تھا جس پر کئی اہم کھلاڑیوں نے انتظامیہ سے شکایت کی جس کے بعد بالآخر ان کا نام کمنٹری پینل سے ہٹا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آئی پی ایل نے ہیری بروکس پر 2 سال کی پابندی لگادی، وجہ کیا بنی؟
یاد رہے کہ انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل 2020 میں سنجے منجریکر کو بھی دوران کمنٹری ساتھی کمنٹریٹر ہارشا بوگھلے کے ساتھ تکرار کرنے پر پینل سے نکال دیا تھا۔