پاکستان اور آذربائیجان نے دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس میں تربیت، جدیدیت اور تکنیکی مہارت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ عزم اسلام آباد میں ائیر چیف مارشل ذوالفقار احمد بابر سدھو اور آذربائیجان کے نائب وزیر و ڈائریکٹر جنرل دفاع عاقل قربانوف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد کے درمیان ملاقات کے دوران دہرایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: یومِ آزادی اور ’معرکۂ حق‘ کی گرینڈ تقریب، ترکیہ و آذربائیجان کے فوجی دستوں کی شمولیت
ائیر چیف نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان طویل المدتی مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے قائم ہیں جو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے پاکستان ائیر فورس کے مختلف جاری جدیدیت کے منصوبوں، آپریشنل حکمت عملی اور مستقبل کی جنگی تیاریوں کے بارے میں وفد کو آگاہ کیا۔
ائیر چیف نے آذربائیجان ائیر فورس کو استعداد کار بڑھانے، افرادی قوت کی بہتری، دیکھ بھال کے نظام اور عملی تربیت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر آذربائیجانی مہمان نے دوطرفہ مشقوں کے ذریعے مشترکہ تربیتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ اس تعاون سے پیشہ ورانہ مہارت، باہمی سیکھنے اور انٹرآپریبلٹی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کثیر الجہتی جنگی آپریشنز میں تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کے وسیع تجربات آذربائیجان کے لیے ایک قیمتی مثال ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان اور آرمینیا کے تاریخی امن معاہدے پر خیرمقدم
ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک خاص طور پر پی اے ایف کی مکمل ملٹی ڈومین وارفیئر کی حکمت عملی سیکھنے کا خواہاں ہے تاکہ اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا سکے۔
عاقل قربانوف نے آذربائیجان کی فضائیہ کے تربیتی نظام کو اکیڈمی سطح سے از سر نو ترتیب دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ائیر فورس ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے جو اس تبدیلی میں رہنمائی فراہم کرے گا۔ آذربائیجانی وفد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پی اے ایف کے تعاون سے آذربائیجان ائیر فورس کی جدیدیت اور پیشہ ورانہ ترقی میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔