پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 7 فیصد اضافہ

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی 2025 میں پاکستان کو 208 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری موصول ہوئی، جو جولائی 2024 کے 195 ملین ڈالر کے مقابلے میں 13.4 ملین ڈالر زیادہ ہے، اس عرصے میں سرمایہ کاری کی آمد 317 ملین ڈالر رہی، جبکہ 109 ملین ڈالر کا اخراج ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: شرح سود 2 فیصد کم ہونا خوش آئند، اب ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی، وزیراعظم شہباز شریف

گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان نے 2.457 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی، جو 110 فیصد کے شاندار اضافے کی عکاسی کرتی ہے، جس میں بڑی حد تک چین کی سرمایہ کاری شامل تھی۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ سال دیکھی جانے والی مثبت رفتار رواں سال بھی جاری رہنے کی توقع ہے، ان کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریے بہتر ہونے کے ساتھ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری بتدریج بڑھ رہی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، دوست ممالک کی سرمایہ کاری کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے دو یوروبانڈز، جن کی مالیت 1.8 ارب ڈالر ہے، رواں سال میچور ہونے والے ہیں، جو نئے بانڈز کے اجرا کے لیے سہولت فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے بانڈز اس وقت پریمیئم پرٹریڈ ہورہے ہیں، جو معیشت کی بہتر ہوتی بنیادوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔

غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری جولائی 2025 میں 34 ملین ڈالر کے اخراج کے ساتھ منفی رہی، جبکہ جولائی 2024 میں 23.6 ملین ڈالر کی آمد ریکارڈ کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں مزید 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ

مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری جولائی 2025 میں 55 فیصد یا 200 ملین ڈالر کم ہوکر 163.5 ملین ڈالر رہی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 363 ملین ڈالر تھی۔

ملکوں کی مناسبت سے کیے گئے تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی 2025 میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری چین کی جانب سے 51 ملین ڈالر رہی، جس کے بعد کینیڈا نے 36 ملین ڈالراورسوئٹزرلینڈ نے 21 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp