پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کے لیے بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن شروع کر دیا۔ مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی سلسلوں کے باوجود پاک فضائیہ کے سی-130 طیارے نے پی اے ایف بیس نور خان سے 7 ٹن خشک راشن، روزمرہ استعمال کی اشیاء اور جان بچانے والی ادویات گلگت پہنچائیں۔
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے دور دراز متاثرہ وادیوں میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں رابطہ سڑکیں ٹوٹنے کے باعث مقامی آبادی امداد سے محروم تھی۔
مزید پڑھیں: ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی اصل وجوہات کیا ہیں؟
اسی دوران پاک فضائیہ کی ریلیف ٹیم نے متاثرہ علاقوں سے 75 پھنسے ہوئے افراد کو بھی بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ یہ مربوط اور بروقت کارروائی ملک گیر ایمرجنسی ریلیف مہم کا حصہ ہے، جو قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے عزم کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی پاک فضائیہ کے طیارے اور زمینی ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں گی اور متاثرہ خاندانوں کو خوراک، ادویات، رہائش اور طبی امداد فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: سیلاب سے 427 مویشی بھی ہلاک، ’مویشیوں کے بغیر گزر بسر مشکل ہے‘
بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ کے بروقت اور جرات مندانہ ردعمل نے گلگت بلتستان کے متاثرہ خاندانوں کو نئی امید دلائی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلح افواج ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔