امریکا: غزہ کے زخمی بچوں کو ویزے جاری نہ کرنے کا فیصلہ

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ سے آنے والے افراد کے لیے وزیٹر ویزوں کی منظوری معطل کر دی گئی ہے۔ امریکی حکومت کے اس اقدام سے وہ بچے بھی متاثر ہوں گے جو حالیہ ہفتوں میں علاج کے لیے امریکا پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست اوہائیو میں قائم غیر سرکاری تنظیم HEAL Palestine حالیہ ہفتوں میں غزہ کے زخمی اور بیمار بچوں کو علاج کے لیے امریکا لانے کا پروگرام چلا رہی تھی، جسے تنظیم نے اب تک کا سب سے بڑا ’طبی انخلا ‘ قرار دیا تھا۔زخمی بچوں کو سان فرانسسکو، سینٹ لوئیس، سان انتونیو اور ہیوسٹن کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 3 سالہ فلسطینی بچی کو قتل کرنے کی کوشش، امریکی خاتون پر فرد جرم عائد

تنازع: لورا لوومر کی مہم

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب امریکا میں دائیں بازو کی کارکن لورا لوومر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غزہ کے زخمی بچوں کو لانے والی ان پروازوں کو ’قومی سلامتی کے لیے خطرہ‘ قرار دیا جبکہ بعض اراکینِ کانگریس اور حکومتی شخصیات کو ٹیگ کرتے ہوئے اس اقدام کی مخالفت کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس پروگرام کا تعلق حماس سے ہو سکتا ہے، تاہم وہ اس الزام کے حق میں کوئی شواہد پیش نہ کرسکے۔

حکومتی ردعمل

ریپبلکن رکن کانگریس چِپ رائے نے بھی غزہ کے زخمیوں کو لانے والی ان پروازوں پر’تشویش ‘ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ معاملے پر تحقیقات کر رہے ہیں۔

وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایک انٹرویو میں ویزوں کی معطلی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں صرف بچے ہی نہیں بلکہ بڑے افراد بھی شامل ہیں، اور حکومت یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کسی بھی ایسی تنظیم کے ساتھ شراکت داری نہ ہو جو حماس کی ہمدرد ہو۔

یہ بھی پڑھیے غزہ جنگ: امریکا میں 6 ماہ کے دوران مسلم مخالف واقعات میں 70 فیصد اضافہ ریکارڈ

اس فیصلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے سخت ردعمل دیا ہے اور کہا ہے کہ زخمی اور بیمار بچوں کو علاج سے محروم کرنا غیر انسانی اقدام ہے۔

ناقدین کے مطابق یہ فیصلہ سیاسی دباؤ کے تحت کیا گیا ہے اور اس سے امریکا کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp