طلاق کے روز معنی خیز ٹی شرٹ پہننے پر دھناشری ورما برہم، یوزویندر چاہل پر طنزیہ وار

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف رقاصہ اور کوریوگرافر دھناشری ورما نے اپنے سابق شوہر اور بھارتی کرکٹر یوزویندر چاہل سے علیحدگی کے بعد پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کی عدالتی کارروائی کے دوران وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور عدالت میں زاروقطار رو پڑیں۔

دھناشری ورما نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی طلاق کے معاملات پر کھل کر بات کی ان کا کہنا تھا کہ آخری سماعت کے دوران جب عدالت کی جانب سے طلاق کا فیصلہ سنایا جانے والا تھا، وہ شدید جذباتی کیفیت میں مبتلا ہو گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’خودکشی کے خیالات آتے تھے‘، یوزویندر چاہل نے طلاق پر خاموشی توڑ دی

 انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم ذہنی طور پر خود کو تیار کر چکے تھے لیکن جب فیصلہ سنایا جانے لگا تو میں خود پر قابو نہ رکھ سکی۔ میں سب کے سامنے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ اُس وقت میں اپنی کیفیت بیان بھی نہیں کر سکتی، میں صرف رو رہی تھی۔

یوزویندر چاہل اس وقت میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے جب وہ طلاق کی آخری سماعت کے دوران ایک ٹی شرٹ پہن کر پہنچے جس پر لکھا تھا ’Be Your Own Sugar Daddy‘ یہ جملہ بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس پر دھناشری  نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا مجھے تو اس ٹی شرٹ کے بارے میں بعد میں پتا چلا۔ میں حیران رہ گئی۔ اگر وہ کوئی پیغام دینا چاہتے تھے تو ذاتی طور پر بھی بات کر سکتے تھے۔ مجھے لگا جیسے وہ معاملے کو عوامی تماشہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا ’ارے بھائی، واٹس ایپ پر ہی بھیج دیتے، ٹی شرٹ پہننے کی کیا ضرورت تھی؟‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایک دوسرے کے کیمرا مین لگ رہے‘، یوزویندر چاہل اور آر جے مہوش کی لندن میں سیر کی تصاویر وائرل

دھناشری نے اعتراف کیا کہ انہیں اندازہ تھا کہ عوامی رائے عام طور پر خواتین کو مورد الزام ٹھہراتی ہے۔ خاص طور پر اس قسم کے معاملات میں خواتین کو ہی قصوروار قرار دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی کارروائی کے دوران سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کرتی رہیں کہ دھناشری ورما نے چہل سے 60 کروڑ روپے کے الیمونی (طلاق کے بعد مالی ادائیگی) کا مطالبہ کیا ہے لیکن یہ خبریں غلط ہیں۔

دھناشری کے اہلخانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہم ان بے بنیاد اور من گھڑت خبروں پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ نہ ایسی کوئی رقم مانگی گئی، نہ ہی ایسی کوئی بات چیت ہوئی۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات کو پھیلانے سے گریز کرے اور فریقین کی پرائیویسی کا احترام کرے۔

یہ بھی پڑھیں: یوزویندر چاہل اور دھناشری کی راہیں الگ، کرکٹر عدالتی حکم پر اہلیہ کو کتنی رقم دینے کے لیے تیار ہوگئے؟

واضح رہے کہ دھناشری ورما اور یوزویندر چاہل کی شادی دسمبر 2020 میں ہوئی تھی۔ دونوں کی ملاقات عالمی وبا کووِڈ-19 کے دوران ہوئی تھی جب چاہل نے دھنشری سے ڈانس سیکھنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

اس جوڑے نے جون 2022 میں علیحدگی اختیار کر لی، اور بعد ازاں 5 فروری 2025 کو باہمی رضامندی سے عدالت میں طلاق کی درخواست جمع کروائی۔ عدالت کی جانب سے مارچ 2025 میں انہیں باقاعدہ طلاق ہو گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp